پاکستان یورپی یونین کے ساتھ بالخصوص جی ایس پی پلس کے ذریعے باہمی مفاد پر مبنی تجارتی فروغ کے اقدامات پر قریبی تعاون کے لئے پرعزم ہے:وزیراعظم

ایرانی صدر سے رابطہ خطے میں امن کیلئے مذاکرات ضروری ہیں شہبازشریف
شہباز شریف اور ایرانی صدر پزشکیان نے دوطرفہ تعلقات کے دائرہ کار میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کیلئے ادارہ جاتی میکانزم کے ذریعے اعلیٰ سطح کے روابط اور مشاورت کو برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا
 پی آئی اے کی نجکاری کا عمل شفاف طریقے سے پایہ تکمیل تک پہنچ گیا: حکومت اور عارف حبیب کنسوریشم کی پی آئی اے کی نجکاری دستاویزات پر دستخط کی تقریب سے خطاب ‘فیلڈ مارشل کی بھی شرکت
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک‘آئی این پی‘آن لائن) وزیراعظم شہبازشریف اور ایران کے صدر مسعود پزشکیان کا ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں دونوں رہنماؤں نے بدلتی ہوئی علاقائی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا۔وزیر اعظم شہباز شریف نے خطے میں امن، سلامتی اور ترقی کے فروغ کے لیے پائیدار مذاکرات اور سفارتی تبادلہ خیال کی اہمیت پر زور دیا۔دونوں رہنماؤں نے مشترکہ تاریخ، ثقافت اور عقیدے سے جڑے پاکستان اور ایران کے درمیان قریبی اور برادرانہ تعلقات پر روشنی ڈالی۔شہباز شریف اور ایرانی صدر پزشکیان نے دوطرفہ تعلقات کے دائرہ کار میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے دو طرفہ ادارہ جاتی میکانزم کے ذریعے اعلیٰ سطحی روابط اور مشاورت کو برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے خطے میں امن، سلامتی اور ترقی کے فروغ کے لیے پائیدار مذاکرات پر زور دیا۔ دریں اثناء ۔یورپی یونین کے پاکستان میں سفیر رائمونڈاس کاروبلس نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی‘اس موقع پر  شہبازشریف نے کہا ہے  پاکستان یورپی یونین کے ساتھ تجارتی تعلقات بالخصوص جی ایس پی پلس کے تحت تجارت کے فروغ کے لیے پرعزم ہے، وزیراعظم نے چند ماہ قبل ذمہ داریاں سنبھالنے والے  یورپی یونین کے سفیر کا خیرمقدم کیا۔وزیراعظم نے پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں خصوصا تجارت، سرمایہ کاری، ترقی و سلامتی، مائیگریشن اور موسمیاتی تبدیلی کے شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔وزیراعظم نے پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان تجارت کے فروغ میں جی ایس پی پلس اسکیم کے کلیدی کردار پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان یورپی یونین کے ساتھ بالخصوص جی ایس پی پلس کے ذریعے باہمی مفاد پر مبنی تجارتی فروغ کے 
اقدامات پر قریبی تعاون کے لیے پرعزم ہے۔یورپی یونین کے سفیر نے کہا کہ وہ پاکستان اور یورپی یونین کے تعلقات کو تمام شعبوں میں مزید مستحکم بنانے کے لیے بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔علاوہ ازیں  شہباز شریف نے کہا ہے  پی آئی  اے کی نجکاری کا عمل شفاف طریقے سے پایہ تکمیل تک پہنچ گیا ۔ پر امید ہیں کہ عارف حبیب کنسوریشم قومی  ائرالائن کی عظمت رفتہ کو بحال کریگا ۔ نجکار ی کے عمل میں نائب وزیراعطم ، فیلڈ مارشل اور حکومتی ٹیم نے اہم کردار ادا کیا ۔  حکومت اور عارف حبیب کنسوریشم کی پی آئی اے کی نجکاری دستاویزات پر دستخط کی تقریب  سے خطاب کرتے ہوے  وزیراعظم نے  پوری قوم کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد  پیش  کی اور کہا کہ ایک ماہ قبل شروع ہونے والا پی آئی کی نجکاری کا عمل  شفاف طریقے سے انجام کو پہنچا ۔ اور معائدے پر دستخط ہو گئے ‘  تقریب میں فیلڈ مارشل عاصم منیر، حکومتی وزرا اور دیگر  شخصیات نے بھی شرکت کی ۔