پاکستان کا جی ایس پی پلس اسٹیٹس انسانی حقوق اور اصلاحاتی اقدامات سے مشروط ہوگا: یورپی یونین

  اسلام آباد(آئی این پی )یورپی یونین  نے  پاکستان کو یاد دلایا ہے کہ جنرلائزڈ اسکیم آف پریفرنسز پلس (جی ایس پی پلس)کے تحت پاکستان کو حاصل ہونے والے تجارتی ثمرات کا انحصار انسانی حقوق سمیت مسائل کی فہرست سے نمٹنے میں ہونے والی پیش رفت پر ہے اور ٹھوس اصلاحات ضروری ہیں، پاکستان کا جی ایس پی پلس اسٹیٹس انسانی حقوق اور اصلاحاتی اقدامات سے مشروط ہوگا۔یورپی یونین کے خصوصی نمائندے برائے انسانی حقوق اولوف سکوگ نے پاکستان کا ایک ہفتہ طویل دورہ کیا، جس کے دوران انہوں نے چیف جسٹس آف پاکستان سمیت اعلی حکومتی، عسکری اور سول سوسائٹی کے نمائندوں سے ملاقاتیں کیں۔یورپی یونین کے اعلامیے کے مطابق نمائندہ خصوصی نے وفاقی و صوبائی وزرا، عسکری قیادت، اقوام متحدہ کے اداروں، انسانی حقوق کے کارکنان، وکلا، سول سوسائٹی، میڈیا اور کاروباری شعبے کے نمائندوں سے تبادلہ خیال کیا۔نمائندہ خصوصی نے چیف جسٹس پاکستان سے بھی ملاقات کی، جس میں عدلیہ کی آزادی، عدالتی مقدمات کے بیک لاگ اور جوڈیشل اصلاحات پر گفتگو ہوئی۔