پاکستانی نوجوان ندال احمد میمن کی محبت میں پاکستان آنے والی امریکی خاتون اونیجا اینڈریورابنس نے گارڈن ویسٹ کے رہائشی اپارٹمنٹ سے اچانک روانہ ہونے کے بعد پولیس کے لیے نئی مشکلات پیدا کر دی ہیں۔
خاتون نے رات کے وقت آناً فاناً میں آن لائن ٹیکسی منگوائی اور ٹیکسی میں سوار ہو کر نامعلوم مقام پر روانہ ہوگئی، جس کے بعد پولیس نے اس کی تلاش کے لیے تحقیقات شروع کر دیں۔پولیس حکام کے مطابق، خاتون کی سیکیورٹی کے لیے تعینات پولیس اہلکار موٹر سائیکل پر اس کی پیروی کرتے ہوئے اس کے پیچھے روانہ ہوئے، لیکن وہ متعلقہ تھانے کی حدود سے باہر چلی گئی جس سے پولیس کے لیے اس کا سراغ لگانا مشکل ہوگیا۔اس سے قبل، خاتون کی ایک ویڈیو سامنے آئی تھی جس میں اس نے انکشاف کیا کہ اس نے ندال احمد میمن نامی پاکستانی نوجوان سے بین الاقوامی یوٹاہ ویب سائٹ کے ذریعے آن لائن شادی کی تھی۔ خاتون کا کہنا تھا کہ اس کا مقصد پاکستان میں ایک محفوظ گھر بنانا ہے اور وہ پیسوں کے لیے شادی نہیں کرتی بلکہ اس کا مقصد ایک بہتر اور پرامن زندگی گزارنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ پہلے ہی شادی شدہ ہیں اور ان کے بچے نہیں ہیں، تاہم ان کا واحد مطالبہ اپنے شوہر سے ملاقات کرنا ہے۔ خاتون کو رہائشی پروجیکٹ کے مکینوں کی جانب سے ناشتا بھی پیش کیا گیا۔رہائشی پروجیکٹ کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ خاتون کی موجودگی نے مکینوں کو شدید پریشانی میں مبتلا کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت سے درخواست کی جاتی ہے کہ امریکی خاتون کی واپسی کے لیے فوری طور پر بندوبست کیا جائے تاکہ مکینوں کی پریشانی دور کی جا سکے۔فی الحال پولیس خاتون کی تلاش کے لیے کام کر رہی ہے اور کسی بھی معلومات کی صورت میں لوگوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر پولیس سے رابطہ کریں۔