زرعی یونیورسٹی پشاور میں لیپ ٹاپ تقسیم کی تقریب ہنگامہ آرائی کی نذر، امیر مقام روانہ ہو گئے

زرعی یونیورسٹی پشاور میں لیپ ٹاپ تقسیم کی تقریب ہنگامہ آرائی کی نذر، امیر مقام روانہ ہو گئے

پشاور میں زرعی یونیورسٹی میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب شدید ہنگامہ آرائی کا شکار ہو گئی، جس کے باعث تعلیمی ماحول میدانِ جنگ کا منظر پیش کرنے لگا۔

 تقریب کے دوران مختلف طلبہ تنظیمیں آمنے سامنے آ گئیں اور سیاسی نعرے بازی شروع ہو گئی۔ذرائع کے مطابق تقریب میں انصاف اسٹوڈنٹس فیڈریشن (آئی ایس ایف) اور مسلم اسٹوڈنٹس فیڈریشن (ایم ایس ایف) کے کارکنان کے درمیان تلخ جملوں کے تبادلے کے بعد حالات کشیدہ ہو گئے۔ آئی ایس ایف کے طلبہ نے بانیٔ پی ٹی آئی عمران خان کے حق میں نعرے لگائے جبکہ جواب میں ایم ایس ایف کے کارکنان کی جانب سے وفاقی وزیر امیر مقام کے حق میں نعرے بازی کی گئی۔نعرے بازی کے دوران صورتحال اس قدر بگڑ گئی کہ تقریب میں بدنظمی پھیل گئی اور سکیورٹی اہلکاروں کو مداخلت کرنا پڑی۔

 امیر مقام جو تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے، حالات خراب ہونے پر تقریب ادھوری چھوڑ کر روانہ ہو گئے۔ اس دوران آئی ایس ایف کے بعض طلبہ نے امیر مقام کی گاڑی روکنے کی بھی کوشش کی، تاہم سکیورٹی اہلکاروں نے انہیں بروقت نکال لیا۔واقعے کے بعد یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے تقریب ملتوی کر دی گئی جبکہ انتظامیہ اور ضلعی حکام نے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ ذرائع کے مطابق ذمہ دار طلبہ کے خلاف ضابطۂ اخلاق کے تحت کارروائی پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔