سکیورٹی فورسز کا شمالی وزیرستان میں آپریشن، 6 خوارج ہلاک، میجر اور سپاہی شہید

سکیورٹی فورسز کا شمالی وزیرستان میں آپریشن، 6 خوارج ہلاک، میجر اور سپاہی شہید

شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران چھ خوارج ہلاک ہوگئے، جب کہ ایک میجر اور ایک سپاہی نے وطن کی خاطر شہادت کا رتبہ حاصل کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق، یہ کارروائی 29 اور 30 جنوری کی شب شمالی وزیرستان کے ضلع میر علی کے جنرل ایریا میں کی گئی، جہاں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا۔آپریشن کے دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں 6 خوارج مارے گئے۔ اس دوران، میجر حمزہ اسرار (29 سال) اور سپاہی محمد نعیم (26 سال) نے دشمن کے ساتھ لڑتے ہوئے شہادت کو گلے لگا لیا۔ میجر حمزہ اسرار کا تعلق راولپنڈی سے تھا، جبکہ سپاہی محمد نعیم نصیر آباد کے رہائشی تھے۔آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ علاقے میں موجود دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے آپریشن جاری رہے گا۔ پاک فوج دہشت گردی کے خلاف پُرعزم ہے اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔