غیر ملکی وی وی آئی پی موومنٹ کے دوران سیکیورٹی اور انتظامی امور میں سنگین غفلت سامنے آنے پر بادشاہی مسجد کے انتظامیہ کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔
ناقص انتظامات پر عالمگیری بادشاہی مسجد کے ایڈمنسٹریٹر اور متعلقہ عملے کو فوری طور پر عہدوں سے فارغ کر دیا گیا۔ذرائع کے مطابق عہدے سے ہٹائے جانے والوں میں بادشاہی مسجد کے ایڈمنسٹریٹر اشفاق ڈیال، نگران بادشاہی مسجد محمد اشفاق اور محمد سلیم شامل ہیں۔ وی وی آئی پی موومنٹ کے موقع پر مسجد کے داخلی راستوں پر سیکیورٹی انتظامات اور نظم و ضبط تسلی بخش نہ ہونے کی نشاندہی کی گئی تھی، جس پر اعلیٰ حکام نے فوری نوٹس لیا۔ڈپٹی کمشنر لاہور نے اس معاملے پر تفصیلی رپورٹ مرتب کر کے سیکرٹری اوقاف کو باضابطہ شکایت ارسال کی، جس کے بعد سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر احسان بھٹہ نے ذمہ دار افسران کو معطل کرنے اور عہدوں سے ہٹانے کے احکامات جاری کیے۔
انتظامی امور میں خلا کو فوری طور پر پُر کرنے کے لیے محمد علی خان کو نیا ایڈمنسٹریٹر بادشاہی مسجد تعینات کر دیا گیا ہے تاکہ مسجد کے انتظامات کو مؤثر اور منظم بنایا جا سکے۔حکام کا کہنا ہے کہ تاریخی اور مذہبی مقامات پر غیر ملکی مہمانوں اور وی وی آئی پی شخصیات کی آمد کے دوران سیکیورٹی اور انتظامی معاملات میں کسی قسم کی کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی، اور مستقبل میں ایسی غفلت پر مزید سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔