لاہور: مختلف علاقوں میں ہلکی اور تیز بارش، موسم خوشگوار، نکاسی آب کے ناقص انتظامات پر شہریوں کا شکوہ

لاہور: مختلف علاقوں میں ہلکی اور تیز بارش، موسم خوشگوار، نکاسی آب کے ناقص انتظامات پر شہریوں کا شکوہ

لاہور کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش نے موسم کو خوشگوار بنا دیا۔ کینال روڈ، وحدت روڈ، اور نشتر پارک اسپورٹس کمپلیکس سمیت دیگر علاقوں میں بارش کے باعث شہریوں کو گرمی سے ریلیف ملا، تاہم بعض مقامات پر پانی جمع ہونے سے معمولات زندگی متاثر ہوئے۔

بارش کے باعث ایل سی سی اے گراؤنڈ میں جاری کرکٹ سرگرمیاں روک دی گئیں۔ شہریوں نے جہاں موسم کی تبدیلی کو سراہا، وہیں بارش کے بعد نکاسی آب کے ناقص انتظامات پر شدید تحفظات کا اظہار بھی کیا۔شہریوں کا کہنا ہے کہ بارش کے ساتھ ہی سڑکوں پر پانی جمع ہو جانا متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے، اور بار بار کے وعدوں کے باوجود نکاسی آب کا نظام بہتر نہیں ہو سکا۔انتظامیہ کی جانب سے نکاسی آب کے اقدامات کی یقین دہانی تو کرائی گئی ہے، تاہم شہری مطالبہ کر رہے ہیں کہ فوری عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ بارش کے بعد پیدا ہونے والی مشکلات سے بچا جا سکے۔