عیدالاضحیٰ انتظامات مکمل، صفائی کیلئے عملہ و افسران تعینات

عیدالاضحیٰ انتظامات مکمل، صفائی کیلئے عملہ و افسران تعینات

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خصوصی ہدایت پر عیدالاضحیٰ کے موقع پر صفائی ستھرائی کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

 اس سلسلے میں لاہور سیکرٹریٹ میں صوبائی کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے جو صوبہ بھر میں جاری صفائی آپریشن کی نگرانی کرے گا۔سیکرٹری بلدیات شکیل احمد کے مطابق کنٹرول روم 24 گھنٹے تین شفٹوں میں کام کرے گا اور شہریوں کی شکایات کے فوری ازالے کے لیے 100 سے زائد افسران و ملازمین کی ڈیوٹیاں لگا دی گئی ہیں۔ شکایات درج کروانے کے لیے کنٹرول روم کے نمبرز 042-99213470 اور 042-99213417 جاری کر دیے گئے ہیں، جبکہ ہیلپ لائن 1198 کے نمائندے بھی کنٹرول روم میں موجود ہوں گے۔ مزید برآں، متعلقہ کمپنی کی ہیلپ لائن 1139 پر بھی شہری شکایت درج کرا سکتے ہیں۔سیکرٹری بلدیات نے بتایا کہ ستھرا پنجاب کے تحت 100 فیصد گاڑیاں اور مشینری صفائی آپریشن میں استعمال کی جائیں گی۔ عید کے تینوں روز 1 لاکھ 39 ہزار سے زائد صفائی عملہ فیلڈ میں موجود رہے گا، جب کہ 36 ہزار سے زائد گاڑیاں اور مشینری آپریشن کے لیے استعمال کی جائیں گی۔

انہوں نے بتایا کہ 27 ہزار سے زائد جامع مساجد اور عیدگاہوں کی صفائی کا عمل جاری ہے، جبکہ 4 ہزار سے زائد کیمپس شہریوں میں آگاہی اور ویسٹ بیگز کی تقسیم کے لیے قائم کیے گئے ہیں۔ آلائشوں کی بروقت کلیکشن کے لیے 3 ہزار سے زائد عارضی کلیکشن پوائنٹس بھی بنائے گئے ہیں۔عید کے تینوں روز آپریشنل سٹاف کی تمام چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں تاکہ ہر ضلع میں صفائی کے کام کو بروقت اور مؤثر انداز میں مکمل کیا جا سکے۔ حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ عید کے موقع پر صفائی عملے سے بھرپور تعاون کریں تاکہ پنجاب کو صاف اور محفوظ رکھا جا سکے۔