لاہور میں بسنت سے ایک رات قبل مختلف شہروں اور علاقوں سے تقریباً سات لاکھ گاڑیاں شہر میں داخل ہوئیں، جن میں بڑی تعداد بسنت کے موقع پر پتنگ اڑانے اور تہوار دیکھنے کے لیے آنے والے مہمانوں کی تھی۔
ذمہ دار سرکاری ذرائع کے مطابق بسنت سے ایک دن پہلے لاہور میں اِن کمنگ ٹرانسپورٹ کا دباؤ غیر معمولی حد تک بڑھ گیا، جس کے باعث شہر میں لاکھوں مہمان داخل ہوئے۔سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ بسنت کے دوسرے روز بھی دیگر شہروں اور دیہات سے شہریوں کی لاہور آمد کا سلسلہ جاری رہا۔ امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ آج شام سے رات بھر مہمانوں کی آمد میں مزید اضافہ ہو گا۔ذرائع کے مطابق اتوار کی سرکاری چھٹی اور بسنت کا آخری دن ہونے کے باعث ہفتے کی رات اور اتوار کی صبح لاہور آنے والوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔دوسری جانب وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے دکان داروں سے اپیل کی ہے کہ وہ بسنت کے موقع پر ڈور اور پتنگیں مہنگے داموں فروخت نہ کریں۔