اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے واضح کیا ہے کہ حکومت سنجیدگی کے ساتھ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ساتھ مذاکرات کے لیے تیار ہے، لیکن پی ٹی آئی کی جانب سے جواب میں بدزبانی اور گالیاں دی جاتی ہیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق خواجہ آصف نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے تین سے چار مرتبہ مذاکرات کی پیشکش کی، مگر پی ٹی آئی نے ان کوششوں کا کوئی مثبت جواب نہیں دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی اختلافات کا حل بات چیت اور مذاکرات میں ہے، لیکن جب جواب میں بدزبانی ہو تو معاملات آگے نہیں بڑھ سکتے۔وزیر دفاع نے کہا کہ اقتدار عارضی ہے اور سیاست میں صبر، برداشت اور مستقل مزاجی کی ضرورت ہوتی ہے۔
حکومت اب بھی مذاکرات کے لیے تیار ہے، لیکن پی ٹی آئی قیادت کی جانب سے سنجیدہ رویہ نہیں دکھایا جا رہا۔خواجہ آصف نے ادارہ جاتی احتساب کے حوالے سے بھی کہا کہ سابق ڈی جی آئی ایس آئی کا احتساب کیا گیا، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ اداروں میں خود احتسابی کا عمل موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنے ادارے سے احتساب کی شروعات کا کریڈٹ موجودہ فوجی قیادت کو جاتا ہے۔