وزیر دفاع خواجہ آصف نے ایک بار پھر تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ساتھ مذاکرات کے امکان کو مسترد کر دیا ہے۔
انہوں نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ حکومت کسی بھی سیاسی جماعت یا گروپ سے "بندوق کی نوک پر" بات چیت نہیں کرے گی۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کی جانب تحریک انصاف کے قافلوں سے حکومت کو کوئی خطرہ یا پریشانی نہیں ہے۔ خواجہ آصف نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی رہنما علی امین گنڈاپور پہلے بھی اسلام آباد آئے تھے اور اگر اب وہ دوبارہ آنا چاہتے ہیں تو ان کو آنے دیا جائے۔
خواجہ آصف نے خیبر پختونخوا کی موجودہ صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں حالات خراب ہیں، لیکن وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کہاں ہیں؟ انہوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ صوبے کے عوام کو انصاف فراہم نہیں کر سکے، ان سے کس طرح مذاکرات ممکن ہیں؟خواجہ آصف نے یہ بھی کہا کہ امن و امان کا قیام صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے، اور ایسے لوگوں کی کوئی سیاسی ساکھ نہیں ہے جو عوام کی خدمت کرنے میں ناکام رہے ہیں۔