لاہور(کرائم رپورٹر)سال 2025ء میں منشیات فروشوں کے خلاف پنجاب پولیس کی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی گئی۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ڈرگ فری پنجاب ویڑن کے تحت پنجاب پولیس کے انسدادِ منشیات آپریشنز سال 2025ء کے دوران صوبہ بھر میں بلا تعطل جاری رہے۔ منشیات فروشوں اور سمگلرز کے خلاف بھرپور اور مؤثر کارروائیاں کی گئیں۔ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ سال 2025ء میں لاہور سمیت صوبہ بھر میں منشیات فروشوں کے ٹھکانوں پر ایک لاکھ 15 ہزار سے زائد چھاپے مارے گئے۔ ان کارروائیوں کے دوران 76 ہزار منشیات فروش گرفتار کیے گئے جبکہ 75 ہزار مقدمات درج کیے گئے۔منشیات فروشوں کے قبضے سے 43 ہزار 269 کلوگرام چرس، 2 ہزار 279 کلوگرام آئس اور 3 ہزار 834 کلوگرام ہیروئن برآمد کی گئی اس کے علاوہ 9 لاکھ 23 ہزار لیٹر سے زائد شراب اور 3 ہزار 89 کلوگرام افیون بھی برآمد کی گئی۔صوبائی دارالحکومت لاہور میں 26 ہزار سے زائد منشیات فروش گرفتار جبکہ 25 ہزار سے زائد مقدمات درج کیے گئے۔ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ پنجاب پولیس نے منشیات کے خلاف کارروائیوں کے ساتھ ساتھ سماجی ذمہ داری بھی نبھائی اور 2 ہزار 159 نشے کے عادی افراد کو علاج و بحالی کیلئے بحالی مراکز میں داخل کروایا۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ منشیات ڈیلرز اور سمگلرز کے خلاف سپیشل آپریشنز آئندہ سال بھی پورے زور شور کے ساتھ جاری رکھے جائیں گے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ منشیات کی آن لائن سپلائی چین میں ملوث تمام ملزمان کو بھی قانون کی گرفت میں لایا جائے۔تعلیمی اداروں اور ہاسٹلز کے گردونواح میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کو مزید مؤثر اور وسیع کیا جائے تاکہ نوجوان نسل کو منشیات جیسی لعنت سے محفوظ رکھا جا سکے۔