رواں سال بجلی چوروں کے خلاف 57 ہزار سے زائد مقدمات درج ، 41 ہزار 120 ملزمان کو گرفتار کیا گیا

لاہور(کرائم رپورٹر)وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر لاہور سمیت صوبہ بھر میں پنجاب پولیس کا بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ رواں سال اب تک صوبہ بھر میں بجلی چوروں کے خلاف 57 ہزار سے زائد مقدمات درج کر کے 41 ہزار 120 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ بجلی چوری کے 39 ہزار سے زائد مقدمات کے چالان مکمل کرکے جمع کروائے گئے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے مزید بتایا کہ قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے 2 ہزار 100 ملزمان کو سزائیں اور جرمانے کروائے گئے۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں بجلی چوری کے 14 ہزار 800 سے زائد مقدمات درج کیے گئے اور 18 ہزار 692 بجلی چوروں کو گرفتار کیا گیاآئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے بجلی چوری کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے ملزمان کے خلاف ترجیحی کارروائیاں کی جائیں۔