منشیات فروشی کے 5980 مقدمات درج ،ڈی آئی جی آپریشنز کی آن لائن کھلی کچہری میں کارروائیوں کی تفصیلات جاری
لاہور (کرائم رپورٹر) ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران کی آن لائن کھلی کچہری میں اندرون و بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جہاں شہریوں نے جرائم کی روک تھام، منشیات فروشی، غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں اور پولیس کے رویوں سے متعلق سوالات کیے اور تجاویز پیش کیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے بتایا کہ رواں سال منشیات فروشی کے خلاف کارروائیوں کے دوران 5 ہزار 980 مقدمات درج کرکے 6 ہزار 199 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ ملزمان کے قبضے سے 114 کلو ہیروئن، 732 کلو آئس، 2 ہزار 262 کلو چرس، 57 کلو افیون، ایک ہزار 746 کلو ویڈ اور 26 ہزار لیٹر شراب بر آمد کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ منشیات کے نیٹ ورکس اور سپلائی چین کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ کالجوں اور یونیورسٹیوں کے اطراف کڑی نگرانی اور انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشنز کیے جا رہے ہیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے مزید بتایا کہ غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی باشندوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں اور سینکڑوں افراد کو قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد ملک بدر کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر پولیس اہلکار کی ذمہ داری ہے کہ وہ شہریوں سے عزت و احترام کے ساتھ پیش آئے۔ پولیس کے رویوں میں بہتری، عوامی اعتماد کا فروغ، شکایات کا بروقت ازالہ اور م ئوثر پولیسنگ ترجیحات میں شامل ہیں۔ فیصل کامران کے مطابق فیس بک لائیو کے ذریعے آن لائن کھلی کچہری کا مقصد پولیس اور عوام کے درمیان براہِ راست رابطے کو مضبوط بنانا ہے، جبکہ عوامی اعتماد، جرائم کی روک تھام اور نوجوان نسل کا تحفظ پولیسنگ کا محور ہیں۔