رواں سال صوبہ بھر میں 26 ہزار 267 منشیات فروش گرفتار

 25 ہزار مقدمات درج ،ملزمان کے قبضے سے 13 ہزارکلوگرام چرس برآمد 
لاہور(کرائم رپورٹر)رواں سال صوبہ بھر میں 26 ہزار 267 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا گیا جبکہ 25 ہزار 243 مقدمات درج کیے گئے۔ کارروائیوں کے دوران ملزمان کے قبضے سے 13 ہزار 324 کلوگرام چرس، 1251 کلوگرام ہیروئن، 870 کلوگرام آئس، 557 کلوگرام افیون اور 3 لاکھ 79 ہزار لیٹر سے زائد شراب برآمد کی گئی۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں رواں سال 3746 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا گیا جبکہ 3631 مقدمات درج کیے گئے۔ لاہور میں کارروائیوں کے دوران 1345 کلوگرام چرس، 88 کلوگرام ہیروئن، 367 کلوگرام آئس، 37 کلوگرام افیون اور 17 ہزار 541 لیٹر شراب برآمد کی گئی۔آئی جی پنجاب عبدالکریم نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ منشیات کی سپلائی چین میں ملوث تمام ملزمان کو قانون کی گرفت میں لا کر سخت سزائیں دلوائی جائیں۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ تعلیمی اداروں اور ہاسٹلز کے گردونواح میں منشیات فروشی میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیوں میں مزید تیزی لائی جائے۔ انہوں نے آن لائن منشیات کی خرید و فروخت میں ملوث ملزمان کے خلاف بھی سخت قانونی کارروائی کا حکم دیا۔