کارروائیوں کے دوران 21 کاریں، 4 ہزار 43 موٹر سائیکلیں اور 127 دیگر گاڑیاں سرکاری تحویل میں لی گئیں
لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور پولیس نے رواں سال کے دوران کریمینل گینگز کے خلاف مؤثر اور بھرپور کارروائیاں کرتے ہوئے 3 ہزار 224 گینگز کے 7 ہزار 49 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان لاہور پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے ایک ارب 61 کروڑ روپے سے زائد مالِ مسروقہ برآمد کیا گیا۔کارروائیوں کے دوران 21 کاریں، 4 ہزار 43 موٹر سائیکلیں اور 127 دیگر گاڑیاں سرکاری تحویل میں لی گئیں۔اس کے علاوہ 314 تولے سونا، 8 ہزار 57 موبائل فونز اور 69 لیپ ٹاپس بھی برآمد کیے گئے۔سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ کریمینل گینگز کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت متواتر کارروائیاں جاری ہیں اور برآمد ہونے والا مال قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد اصل مالکان کے حوالے کیا جا رہا ہے۔سی سی پی او لاہور نے ہدایت کی کہ ایکٹو گینگز اور ریکارڈ یافتہ ملزمان پر کڑی نظر رکھی جائے اور کریمینل گینگز کے خلاف آپریشنز کو مزید تیز کیا جائے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جرائم پیشہ عناصر کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزائیں دلوائی جائیں گی۔سی سی پی او لاہوربلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ لاہور پولیس قانون کی بالادستی کو یقینی بنانے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کیلئے ہر وقت سرگرم ہے۔