3800 معاونین کی نشاندہی کرلی،خادم حسین رضوی کی قبر کہیں منتقل نہیں کی جارہی، مگر قبر کا استعمال کرتے ہوئے چندہ اور مجمع اکٹھا کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی
ٹی ایل پی پر پابندی کی تجویز پر ایک دو دن میں فیصلہ آجائے گا، جو بھی فیصلہ ہوگا اس پر اصل روح کے ساتھ عملدرآمد کیا جائے گا،سعد رضوی اور بھائی کو ٹریس کرلیا‘جلد قانون کی گرفت میں ہونگے
سوشل میڈیا کا غلط استعمال کرنے والوں کے خلاف دہشت گردی کے پرچے بنیں گے، ان کا پولیس ریکارڈ ہوگا، انہیں کہیں داخلہ ملے گا اور نہ کوئی ویزا مل سکے گا:پریس کانفرنس
لاہور(سپیشل رپورٹر‘ایجنسیاں)وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے سعد رضوی کے نام پر 95 بینک اکاؤنٹس اور مسروقہ و غیر مسروقہ جائیداد سیل کر دی گئی ہے، اس مذہبی جماعت کی لیڈرشپ کو تین ٹئیرز میں تقسیم کیا گیا ہے، ان کے خلاف کریک ڈاؤن چل رہا ہے۔ڈی جی پی آر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوںنے کہا ہے تحریک لبیک پاکستان کی مالی مدد کرنے والوں کے خلاف دہشت گردی کے مقدمات درج ہوں گے، 3800 معاونین کی نشاندہی کرلی، خادم حسین رضوی کی قبر کہیں منتقل نہیں کی جارہی، مگر قبر کا استعمال کرتے ہوئے چندہ اکٹھا کرنے اور اشتعال انگیزی کیلئے مجمع اکٹھا کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، ٹی ایل پی پر پابندی کی تجویز وفاق بھجوائی جاچکی ہے جس پر ایک دو دن میں فیصلہ آجائے گا، جو بھی فیصلہ ہوگا اس پر اصل روح کے ساتھ عملدرآمد کیا جائے گا۔سعد رضوی اور انکے بھائی کو ٹریس کرلیا گیا جلد قانون کی گرفت میں ہونگے ۔۔انہوں نے کہا کہ ٹی ایل پی کی مالی مدد کرنے والوں کے خلاف دہشت گردی کے مقدمات درج ہوں گے، 3800 معاونین کی نشاندہی کرلی، حیرت ہوئی کہ ٹی ایل پی کی مالی مدد کرنے والوں میں بڑے بڑے نام اور پڑھے لکھے لوگ بھی شامل تھے۔ کوئی مسلمان کسی مسجد کو شہید کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتا، مگر ان مساجد کا انتظام اہل سنت کے معتدل علما کے حوالے کیا جائے گا، انہوں نے واضح کیا کہ خادم حسین رضوی کی قبر کہیں منتقل نہیں کی جارہی، مگر قبر کا استعمال کرتے ہوئے چندہ اکٹھا کرنے اور اشتعال انگیزی کے لئے مجمع اکٹھا کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ ٹی ایل پی کی 330 مساجد کا انتظام حکومت نے سنبھال لیا ہے، یہ مساجد آذان اور نماز کیلئے کھلی رہیں گی، لاڈ اسپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس ہے، تمام مسالک سے درخواست ہے لائوڈ اسپیکر کو اذان اور مساجد کو صرف نماز کیلئے استعمال کیا جائے، باقی کسی سرگرمی کی اجازت نہیں ہوگی۔عظمی بخاری نے بتایا کہ ٹی ایل پی کے 223 مدارس کی جیو ٹیگنگ مکمل کرلی گئی ہے، یہ مدارس بہت جلد کھول دئیے جائیں گے، سوائے چند ایسے مدارس کہ جن کے بارے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے پاس سخت رپورٹس موجود ہیں، ان مدارس کو جلد اہلسنت والجماعت کے علمائے کرام کے حوالے کردیا جائے گا۔