4پولیس مقابلے ،1 ڈاکو ہلاک ،6زخمی ہوکرگرفتار

 نعیم ساتھیوں کی فائرنگ سے ماراگیا ، گلفام ،سیف فرارہوتے ہوئے دھرلئے 
باغبانپور سے رحمن وسیم اور کاشف ،سیٹلائٹ ٹائون سے جاوید ،ذیشان گرفتار 
گوجرانوالہ (خصوصی رپورٹ)گوجرانوالہ کے مختلف علاقوں میں رات گئے 4 الگ الگ مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران ڈکیتی، راہزنی، قتل، منشیات فروشی اور موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں ملوث ایک ڈاکو ہلاک ہوگیا جبکہ 6 کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیاگیا۔ تھانہ سٹی کامونکی کے علاقہ میں پولیس مقابلے کے دوران ایک ڈاکو نعیم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا،جو ڈکیتی، راہزنی اور موٹر سائیکل چوری کی درجنوں وارداتوں میں ملوث تھا۔تھانہ سیٹلائٹ ٹائون گوجرانوالہ کی پولیس کی کارروائی کے دوران پولیس ناکہ سے فرار ہوتے ہوئے دو ملزم بجلی کے پول سے ٹکرا کر زخمی حالت میں گرفتار ہو گئے۔ قتل، راہزنی اور منشیات کے مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ملزم جاوید عرف کالیا کے قبضے سے 2400 گرام ہیروئن برآمد ہوئی، جبکہ شراب فروشی، راہزنی اور موٹر سائیکل چوری میں ملوث ملزم ذیشان کے قبضے سے 1460 گرام ہیروئن برآمد کی گئی۔تھانہ تتلے عالی کے علاقہ میں پولیس مقابلے کے دوران منشیات اور موٹر سائیکل چوری کے مقدمات میں ملوث دو ملزم پولیس پارٹی پر فائرنگ کے بعد فرار ہوتے ہوئے درخت سے ٹکرا کر زخمی ہو گئے۔ ملزم گلفام کے قبضے سے 1420 گرام چرس اور ناجائز اسلحہ جبکہ ملزم سیف اللہ کے قبضے سے 1560 گرام چرس برآمد کی گئی۔ تھانہ باغبانپورہ گوجرانوالہ میں منشیات، راہزنی اور موٹر سائیکل چوری کے مقدمات میں ریکارڈ یافتہ دو ملزم پولیس پارٹی پر فائرنگ کے بعد موٹر سائیکل سے گر کر زخمی ہو گئے جنہیں زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا ۔ ملزم رحمن وسیم کے قبضے سے 1260 گرام ہیروئن اور ناجائز اسلحہ جبکہ اس کے ساتھی کاشف کے قبضے سے 1480 گرام چرس برآمد کر لی گی۔