کرپشن،4پولیس اہلکار برخاست

 انکوائری رپورٹ میں ہیڈ کانسٹیبل محمد نواز، کانسٹیبل امتیاز احمد، حمیر الحسن اور نعمان ساجد قصور وار نکلے 
 اہلکاروں نیچار سدہ کے رہائشی مصطفی اور ادریس کو نامعلوم مقام پر لے جا کر 85 ہزار روپے ہتھیائے 
لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور پولیس کے آپریشنز ونگ میں محکمانہ احتساب کے عمل کو مزید سخت کرتے ہوئے چار پولیس اہلکاروں کو کرپشن اور اختیارات سے تجاوز پر نوکری سے برخاست کر دیا گیا ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کی ہدایت پر ایس ایس پی آپریشنز نے مکمل انکوائری کے بعد اہلکاروں کی برخاستگی کے احکامات جاری کیے۔ ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق، انکوائری رپورٹ میں ہیڈ کانسٹیبل محمد نواز، کانسٹیبل امتیاز احمد، حمیر الحسن اور نعمان ساجد کو قصور وار ثابت ہونے پر نوکری سے برخاست کیا گیا۔انکوائری رپورٹ میں یہ انکشاف ہوا کہ 5 نومبر کو چار سدہ کے رہائشی مصطفی اور ادریس جب خریداری کے بعد بس اڈا آئے، تو برخاست شدہ پولیس اہلکار انہیں چیکنگ کے بہانے نامعلوم مقام پر لے گئے اور ان سے 85 ہزار روپے ہتھیائے تھے۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا کہ لاہور پولیس محکمانہ خود احتسابی کے اصولوں پر سختی سے عمل پیرا ہے اور ایسے عناصر کے لیے محکمے میں کوئی جگہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس میں کرپشن اور اختیارات سے تجاوز پر زیرو ٹالرنس پالیسی نافذ ہے۔ڈی آئی جی آپریشنز نے عوام کو یقین دلایا کہ حکومت پنجاب کی اوپن ڈور پالیسی کے تحت لاہور پولیس کے تمام افسران روزانہ عوام کے مسائل سننے کے لیے موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی شہری کی شکایت کا حل تھانہ یاں متعلقہ دفتر میں نہ ہو، تو وہ براہ راست ان سے رجوع کر سکتا ہے۔