نابینا قلی اکبر علی جمالی کی اپیل منظور، بیٹے کو پاکستان ریلوے میں ملازمت دینے کا اعلان
ریاست محنت کش کے ساتھ ہے، ویلفیئر کے مزید اقدامات کیے جائیں گے، حنیف عباسی
اسلام آباد / جیکب آباد( آن لائن )جیکب آباد ریلوے اسٹیشن پر نابینا قلی اکبر علی جمالی کی ایک وائرل ویڈیو کے بعد وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے فوری نوٹس لے لیا۔ اکبر علی جمالی برسوں سے کمسن بیٹی کے سہارے مسافروں کا سامان اٹھا کر گزارا کرتے آئے ہیں، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے اکبر علی جمالی کی اپیل منظور کرتے ہوئے اعلان کیا کہ ان کے بیٹے کو پاکستان ریلوے میں ملازمت دی جائے گی۔ مزید برآں، وزیر ریلوے اکبر علی جمالی سے وزارت میں ملاقات بھی کریں گے تاکہ ان کے مسائل اور ضروریات پر بات کی جا سکے۔نابینا قلی کے ممکنہ علاج کے لیے وزیر ریلوے نے اپنی ذاتی جیب سے مالی معاونت کرنے کا بھی اعلان کیا۔ حنیف عباسی نے کہا کہ ریاست محنت کش کے ساتھ کھڑی ہے اور ویلفیئر کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں گے تاکہ ایسے افراد کی زندگی بہتر ہو سکے اور انہیں سماجی تحفظ فراہم کیا جا سکے۔