اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے زمینی حقائق کا براہِ راست مشاہدہ کرنے اور ریلوے نظام کی عملی صورتحال جانچنے کے لیے منفرد اقدام اٹھاتے ہوئے گولڑہ اسٹیشن سے راولپنڈی ریلوے اسٹیشن تک ریلوے ٹریک کا ٹریک ٹرالی کے ذریعے معائنہ کیا۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ریلوے نظام میں بہتری کیلئے فیلڈ وزٹس ناگزیر ہیں، کیونکہ زمینی حقائق کو سمجھے بغیر مؤثر فیصلے ممکن نہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ٹریک کی حالت، آپریشنل امور اور انسپیکشن کے نظام کو بہتر انداز میں جانچنے کے لیے خود ٹریک ٹرالی میں سفر کیا۔معائنے
کے دوران ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ (ڈی ایس) راولپنڈی بھی وفاقی وزیر کے ہمراہ موجود رہے اور مختلف تکنیکی و انتظامی امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔وفاقی وزیر ریلوے نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ فیلڈ میں موجودگی کو مزید مؤثر بنایا جائے اور زمینی سطح پر نگرانی کے نظام کو مضبوط کیا جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ ٹریک مینٹیننس، آپریشنل کارکردگی اور مسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات میں نمایاں بہتری لائی جائے۔راولپنڈی ریلوے اسٹیشن پر موجود مسافروں نے وفاقی وزیر کو اپنے درمیان دیکھ کر خوشگوار حیرت اور مسرت کا اظہار کیا۔محمد حنیف عباسی کے اس متحرک اور عملی اقدام کو ریلوے میں فیلڈ مانیٹرنگ کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جہاں دفتری امور کے ساتھ ساتھ زمینی نگرانی کو بھی ترجیح دی جا رہی ہے۔ٹریک ٹرالی کے اس دورے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہے، جس پر صارفین کی جانب سے مثبت ردعمل سامنے آ رہا ہے