جیکب آباد: سابق وزیر اعظم کے گندم کے کھلیان کو نامعلوم افراد نے آگ لگا دی

محمدمیاں سومرو کی تیارفصل کو رات کے اندھیرے میں آگ لگائی گئی،5ہزار من گندم راکھ کے ڈھیر میں تبدیل
جیکب آباد(آئی این پی)  جیکب آباد میں سابق وزیر اعظم کے گندم کے کھلیان کو نامعلوم افراد نے آگ لگا دی، 5ہزار من گندم راکھ کے ڈھیر میں تبدیل۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کے گاؤں احمد میاں سومرو میں سابق نگران وزیر اعظم محمد میاں سومرو کے گندم کے کھلیان کو نامعلوم افراد نے آگ لگا دی جس کے باعث 5 ہزار من سے زائد گندم جل کر راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوگئی۔ بتایا جارہا ہے کہ نامعلوم افراد نے گندم کے کھلیان کو آگ لگا دی اور اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے، نقصان کی مالیت کروڑوں روپے بتائی جارہی ہے، تاہم آخری اطلاعات تک واقعے کا مقدمہ درج نہیں ہوسکا تھا۔