پہلے مرحلے میں 15 الیکٹرک بسیں تین روٹس پر چلیں گی، الیکٹرک بسوں کے لئے اب تک 22 سٹینڈ بنائے گئے ہیں: بلال اظہر کیانی
لاہور(خصوصی رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ضلع جہلم میں الیکٹرک بسوں کا افتتاح کر دیا گیا۔افتتاحی تقریب میں صوبائی وزیر صحت و ایمرجنسی سروسز پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔افتتاحی تقریب میں وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی اور مشیر صحت پنجاب جنرل ریٹائرڈ ڈاکٹر اظہر کیانی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔مہمانان خصوصی نے جادہ کے مقام سے الیکٹرک بس میں سوار ہو کر روٹ کا وزٹ کیا۔روٹ وزٹ کے بعد الیکٹرک بس مرکزی جلسہ گاہ گورنمنٹ ہائی سکول کے گراؤنڈ میں پہنچی۔الیکٹرک بس کے روٹ کے دوران متعدد مقامات پر شہریوں کی جانب سے پرتپاک استقبال کیا گیا۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ ملک میں بہتری لانے کے لئے ن لیگ کی حکومت ہر طرح سے کوشش کر رہی ہے پنجاب میں مواصلات کی سہولیات کو جدید ترین سہولیات سے بدلنے کے لیے پوری پنجاب حکومت متحرک ہے۔ضلع جہلم میں پہلے مرحلے میں 15 الیکٹرک بسیں تین روٹس پر چلیں گی۔ مشیر صحت پنجاب جنرل ریٹائرڈ اظہر کیانی نے کہاکہ ملک کو معاشی اور دفاعی لحاظ سے ناقابل تسخیر بنانا نون لیگ کا مشن ہے۔ضلع جہلم کو مزید 12 بسیں اسی ماہ فراہم کی جائیں گی۔افتتاحی تقریب میں ضلع بھر سے خواتین طلبہ طالبات اور ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔