سیاست میں اختلائے رائے ہو سکتا ہے، تہذیب کے دائرے میں رہ کر بات ہو سکتی ہے، جس نے ملک کو نقصان پہنچایا اسے معاف نہیں کروں گی
ترقی صرف مسلم لیگ ن کے دور میں آئی، باقی ادوار میں تو صرف دنگا فساد ہوتا رہا، ہر صوبہ وفاق سے پیسہ مانگتا ہے، ایک منصوبے کیلئے بھی کچھ نہیں مانگا: تقریب سے خطاب
انتظامیہ متعلقہ علاقوں میں ون ڈش پر پابندی ہر صورت یقینی بنائے، جرمانے کئے جائیں‘خلاف ورزی سامنے آنے پر متعلقہ ڈپٹی کمشنر ذمہ دار سمجھا جائے گا:وزیراعلی
لاہور(سپیشل رپورٹر)وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہتے ہیں وزیراعظم شہباز شریف پیسے دے رہے ہیں اور مریم نواز خرچ کر رہی ہے، میں نے کسی ایک منصوبے کے لیے بھی شہباز شریف سے پیسے نہیں مانگے، ہر صوبہ وفاق سے پیسہ مانگتا ہے، ہم نے کچھ نہیں مانگا۔وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے لاہور میں الیکٹرک بسوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو ریلیف فراہمی ترجیح ہے، عوام کی سہولت کے لیے ماحول دوست الیکٹرک بسیں لا رہے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ 27 الیکٹرک بسیں آچکی ہیں، جوکل سے لاہور کی سڑکوں پر ہوں گی، الیکٹرک بسوں کا کرایہ تمام صوبوں میں سے سب کم ہے، الیکٹرک بسوں کا کرایہ انتہائی کم 20 سے 35 روپے تک رکھا گیا ہے۔مریم نواز نے کہا کہ 17 ہزار مسافروں کوروزانہ کی سطح پر سہولت میسر آئے گی، طلبہ اور خصوصی افراد کو الیکٹرک بس کا مفت کارڈ ملے گا۔وزیراعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ خواتین کو ہراساں کرنے سے روکنے کے لیے سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہیں۔مریم نواز نے کہا کہ اسموگ کے خاتمے کے لیے اقدامات کئے گئے ہیں، گرین اور کلین پنجاب منصوبہ آج حقیقت بن چکا، ٹریفک کے دھویں سے بچے بڑے سب بیمار ہوتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ یہ کہتے ہیں کہ وزیراعظم شہباز شریف پیسے دے رہے ہیں اور مریم نواز خرچ کر رہی ہے، میں نے کسی ایک منصوبے کے لیے بھی شہباز شریف سے پیسے نہیں مانگے، ہر صوبہ وفاق سے پیسہ مانگتا ہے، ہم نے کچھ نہیں مانگا‘ سیاست میں اختلائے رائے ہو سکتا ہے، تہذیب کے دائرے میں رہ کر بات ہو سکتی ہے، ان کا کہنا تھا کہ جس نیملک کو نقصان پہنچایا اسے معاف نہیں کروں گی۔ عمران خان جو سزا بھگت رہے ہیں، اس کے پیچھے بہت سی وجوہات ہیں، میں نے وزارت اعلیٰ کی کرسی کو اپنی ذات کے لیے استعمال نہیں کیا۔دریں اثناء وزیراعلی مریم نواز نے ون ڈش قوانین کی خلاف ورزی پر برہمی کا اظہار کردیا۔وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے صوبے بھر میں ڈپٹی کمشنرز کو ون ڈش کی پابندی پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم دیا۔ ون ڈش پرپابندی کا اطلاق فارم ہائوسز اور پرائیویٹ پراپرٹی میں شادی کی تقریبات پر بھی ہوگا۔ انتظامیہ کو متعلقہ علاقوں میں ون ڈش کی پابندی کی کڑی مانیٹرنگ اور ون ڈش کی خلاف ورزی پر جرمانے اور قواعد کے مطابق کارروائی کی بھی ہدایت کی۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ شادیوں میں ون ڈش کی خلاف ورزی سے استطاعت نہ رکھنے والے والدین پرمالی بوجھ پڑتا ہے۔ شادی کی تقریبات میں ایک سے زیادہ ڈش کے منفی سماجی اثرات سامنے آتے ہیں۔ انتظامیہ متعلقہ علاقوں میں ون ڈش پر پابندی ہر صورت یقینی بنائے۔ ون ڈش کی خلاف ورزی سامنے آنے پر متعلقہ ڈپٹی کمشنر ذمہ دار سمجھا جائے گا۔