شہدا ء پاک فوج کا فخر ہیں ، قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی:فیلڈ مارشل

چیف آف ڈیفنس فورسز  کی  میجر عدیل زمان شہید کی نمازِ جنازہ  میں شرکت‘ سی ایم ایچ پشاور کا دورہ ‘زخمی فوجی جوانوں کی عیادت کی
پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا  ہے شہدا پاک فوج کا فخر ہیں ، قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر)  کے مطابق   میجر عدیل زمان شہید کی نمازِ جنازہ پشاور گیریژن میں ادا کی گئی‘ نمازِ جنازہ میں چیف آف ڈیفنس فورسز   فیلڈ مارشل عاصم منیر،وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی اور کور کمانڈر پشاور بھی شریک ہوئے۔ نمازِ جنازہ میں عسکری و سول افسران اور عوام کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔چیف آف ڈیفنس فورسز و فیلڈ مارشل  سید عاصم منیر  نے شہید کی قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ شہید کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دْعا  کیآرمی چیف نے کہا کہ   شہدا ہماری قوم کا فخر ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق   آرمی چیف  نے سی ایم ایچ پشاور کا دورہ بھی کیا۔انہوں نے زخمی افسروں اور جوانوں کی عیادت کی۔ آپریشن میں زخمی ہونے والے جوانوں کے حوصلے کو سراہا گیا۔