دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز پوری قوم کی تحسین کی مستحق ہیں
لاہور(زیڈ این این)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کراچی میں پاکستان رینجرز کے کیمپ پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور جرات کو سراہا ہے۔اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز پوری قوم کی تحسین کی مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کے امن و استحکام کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے۔وزیراعلیٰ نے آپریشن کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے شہدا کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہدا کی قربانیاں قوم کا قیمتی اثاثہ ہیں اور ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔مریم نواز شریف نے آپریشن کے دوران زخمی ہونے والے اہلکاروں کی جلد اور مکمل صحتیابی کے لیے دعا بھی کی اور کہا کہ حکومت اور پوری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پوری قوم دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے یکسو ہے اور ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کبھی کامیاب نہیں ہونے دیے جائیں گے۔