شلپا شیٹھی کی فٹنس اور جوانی کا راز: یوگا اور متوازن غذا

شلپا شیٹھی کی فٹنس اور جوانی کا راز: یوگا اور متوازن غذا

شلپا شیٹھی، جو 49 سال کی عمر میں بھی اپنی جوانی اور خوبصورتی کے لیے جانی جاتی ہیں، نے اپنی فٹنس کے راز کو ایک انٹرویو میں شیئر کیا۔

اداکارہ کا کہنا ہے کہ ان کی سدا بہار جوانی کا راز یوگا، سخت ورزش، اور صحت مند کھانوں میں پوشیدہ ہے۔ وہ برسوں سے ان معمولات پر عمل کر رہی ہیں جس کی بدولت وہ آج بھی جوان نظر آتی ہیں۔شلپا شیٹھی نے اپنی صحت کا خیال رکھنے کے حوالے سے اپنی روزمرہ کی عادات اور خوراک کا بھی ذکر کیا۔ ان کے مطابق، وہ کھانے کی شوقین ہیں لیکن ہمیشہ صحت مند اور متوازن غذا کو ترجیح دیتی ہیں۔ ایک ہفتے میں وہ ایک دن ایسا رکھتی ہیں جب وہ اپنی پسندیدہ چیزیں جیسے کیک، قلفی، یا گلاب جامن کھا سکتی ہیں، لیکن باقی دنوں میں صحت مند کھانے کو ترجیح دیتی ہیں۔

اداکارہ نے بتایا کہ ان کے دن کا آغاز ایلوویرا کے جوس سے ہوتا ہے جو نہ صرف جلد بلکہ مدافعتی نظام کے لیے بھی فائدہ مند ہے۔ اس کے بعد وہ دلیا اور چائے کا استعمال کرتی ہیں۔ شلپا شیٹھی نے مزید بتایا کہ وہ سفید چینی سے بچتی ہیں اور صرف براؤن شوگر استعمال کرتی ہیں۔ ان کا مشورہ ہے کہ ہر سفید چیز کو براؤن سے بدل دیں، جیسے براؤن بریڈ، براؤن رائس، اور براؤن شوگر۔شلپا شیٹھی کی غذا سادہ اور غذائیت سے بھرپور ہوتی ہے۔ وہ بھاپ یا اُبالے ہوئے کھانوں سے پرہیز کرتی ہیں اور صحت مند تیل جیسے زیتون کے تیل میں پکاتی ہیں۔

 دوپہر کے کھانے میں وہ دال چاول، چپاتی، چکن کری، اور سبزی کھاتی ہیں۔ اگر شام کو بھوک لگے تو وہ براؤن ٹوسٹ اور دو انڈے کھاتی ہیں، اور رات کے کھانے میں کوشش کرتی ہیں کہ جلدی کھانا کھائیں، جس میں سلاد، سوپ، اور چکن کی ڈش شامل ہوتی ہے۔شلپا کا کہنا ہے کہ ان کی غذا بہت سادہ ہے اور اس پر عمل کرنا آسان ہے، جو صحت کو برقرار رکھنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔