2کمپنیوں کی منصوبے میں دلچسپی ،ای ٹیکسی سروس سے روزگار کے بہترین مواقع پیدا ہونگے:وزیر ٹرانسپورٹ
لاہور (خصوصی رپورٹ)محکمہ ٹرانسپورٹ ای ٹیکسی منصوبے کیلئے تیار،وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان کی زیر صدارت الیکٹرک گاڑیاں بنانے والی کمپنیوں دیوان گروپس اور این آر ٹی سی کیساتھ الگ الگ اجلاس ہوا، اجلاس میں سیکرٹری ٹرانسپورٹ احمد جاوید قاضی، ای وہیکلز کمپنیوں کے نمائندگان اور اعلیٰ افسران نے شرکت کی، کمپنیوں نے پنجاب میں ای ٹیکسی منصوبے میں اظہار دلچسپی کیا، اجلاس میں کمپنیوں نے اپنی ای وہیکلز کی تیاری، ڈیزائن اور خصوصیات بارے تفصیلی بریفنگ بھی دی ،وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے ای ٹیکسی میں بھرپور دلچسپی دکھانے پر وہیکلز مینوفیکچرنگ کمپنیوں کو سراہا اور کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق بیروزگار افراد کیلئے ای ٹیکسی منصوبہ پیش کرنے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔ ای ٹیکسی سروس سے روزگار کے بہترین مواقع پیدا ہونگے اور ماحولیاتی آلودگی میں بھی کمی آئیگی،چاہتے ہیں کہ ای ٹیکسی کیلئے ایسی گاڑیوں کی فراہمی یقینی بنائیں جو معیار کے تمام تقاضے پورے کریں۔ عوام کیلئے سینکڑوں الیکٹرک بسوں، سٹوڈنٹس کیلئے ہزاروں الیکٹرک بائیکس اور ای ٹیکسی سے پنجاب جدید ترین ٹرانسپورٹ سسٹم میں داخل ہو رہا ہے۔