2پیکیجز میں ٹیکسیاں دی جائیں گی،محکمہ ایکسائز رجسٹریشن اور ٹوکن ٹیکس میں 95 فیصد رعایت فراہم کرے گا
لاہور ( کرائم رپورٹر ) پنجاب حکومت نے جدید سفری سہولت کی طرف بڑا اقدام اٹھا لیا، ای ٹیکسی سکیم کے آغاز کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔ محکمہ ٹرانسپورٹ نے ای ٹیکسی لانچ کرنے کیلئے سمری وزیر اعلیٰ پنجاب کو ارسال کر دی۔ تفصیل کے مطابق پنجاب میں جدید سفری سہولت کی فراہمی کے لئے محکمہ ٹرانسپورٹ نے ای ٹیکسی سکیم لانچ کرنے کی تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ لاہور سے شروع ہونے والے اس منصوبے میں شہریوں کو دو مختلف پیکیج میں ای ٹیکسیاں فراہم کی جائیں گی۔دستاویزات کے مطابق، ای ٹیکسی سکیم کے تحت کارپوریٹ ماڈل میں کوئی بھی کمپنی دو سے تین سو ای ٹیکسیاں حاصل کر سکے گی، جبکہ انفرادی سطح پر شہریوں کو بینک آف پنجاب کے ذریعے آسان اقساط پر یہ سہولت دی جائے گی۔محکمہ ایکسائز ای ٹیکسیوں کی رجسٹریشن اور ٹوکن ٹیکس میں 95 فیصد رعایت فراہم کرے گا، مالکان کو کاربن کریڈٹ اعزازیہ بھی دیا جائے گا۔ اس منصوبے کے لئے کنسلٹنسی فرم کی خدمات حاصل کر لی گئی ہیں، جو لاہور میں ای ٹیکسی پارکنگ ہب اور چارجنگ سٹیشنز کے قیام کے لئے جگہوں کا انتخاب کرے گی۔بینک آف پنجاب منصوبے کے فنانشل اور بزنس ماڈل کی تیاری، مینوفیکچررز کی شارٹ لسٹنگ اور گاڑیوں کی تقسیم کا ذمہ دار ہوگا۔ پنجاب میں اس وقت 69 ہزار رجسٹرڈ ٹیکسیاں اور چار لاکھ 24 ہزار رجسٹرڈ ڈرائیورز موجود ہیں جبکہ روزانہ 15 لاکھ افراد پرائیویٹ ٹیکسی سروسز کے ذریعے سفر کرتے ہیں۔یہ منصوبہ نہ صرف ماحولیاتی آلودگی میں کمی لائے گا بلکہ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا کرے گا۔ ای ٹیکسی سکیم کے حوالے سے حتمی منظوری وزیر اعلیٰ آفس سے ہوگی