وزیر داخلہ کا جناح سکوائر مری روڈ انڈر پاس منصوبے کا دورہ منصوبے کو بروقت مکمل کرنے کی ہدایت

 اسلام آباد(آئی این پی )وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے جناح سکوائر مری روڈ انڈر پاس منصوبے کو بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے ۔وفاقی وزیر داخلہ نے رات گئے جناح سکوائر مری روڈ انڈر پاس منصوبے کا دورہ کیا، انہوں نے شاہین چوک مارگلہ روڈ اور فیض آباد انٹرچینج کا بھی معائنہ کیا، محسن نقوی نے جناح سکوائر مری روڈ انڈر پاس پر تعمیراتی کام کی پیشرفت کا جائزہ لیا اور کام کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔محسن نقوی نے جناح سکوائر مری روڈ انڈر پاس پراجیکٹ کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ ریکارڈ مدت میں منصوبے کی تکمیل کیلئے تمام تر توانائیاں بروئے کار لائی جائیں۔انہوں نے جناح سکوائر سے فیض آباد چوک تک شاہراہ کو ماڈل روڈ بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جناح سکوائر سے فیض آباد چوک تک شاہراہ پر خوبصورت لائٹس لگائی جائیں اور لینڈ سکیپنگ کی جائے۔وزیر داخلہ نے مارگلہ روڈ پر شاہین چوک کا بھی دورہ کیا اور کہا کہ ٹریفک کے رش کے خاتمے کیلئے مارگلہ روڈ کو مرحلہ وار سگنل فری بنایا جائیگا۔محسن نقوی نے فیض آباد انٹرچینج کی ری ماڈلنگ پر کام جلد شروع کرنے کی بھی ہدایت کی۔