امریکہ کے پاس ہزاروں میزائل ہیں لیکن ہمارے میزائل پر پابندیاں لگاتے ہیں‘ قوم نے پیٹ کاٹ کر ایٹم بم بنایا ‘اس کا تحفظ پاکستان کا تحفظ ہے
عمران خان جیل سے اعلان کریں وہ اسرائیل کو نہیں مانتے، حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کی حمایت کرتے ہیں :ملین مارچ سے خطاب
اسلام آباد ( آن لائن )امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کی حمایت کرتے ہیں اور چاہتے ہیں بانی پی ٹی آئی آج جیل سے اعلان کریں کہ اسرائیل کو نہیں مانتے۔ اسلام آباد جناح ایونیو نیو بلیو ایریا میں ہونے والے یکجہتی فلسطین ملین مارچ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا امریکہ کے پاس ہزاروں میزائل ہیں لیکن ہمارے میزائل پر پابندیاں لگاتے ہیں قوم نے پیٹ کاٹ کر ایٹم بم بنایا ہے ایٹم بم کا تحفظ پاکستان اور پوری امت کا تحفظ ہے یہ کیسی سیاسی جماعتیں ہیں جیل میں ڈالنا اور نکالنا ہو تو امریکا کی طرف دیکھتے ہیں ہمیں لوگوں کو جمہوری آزادی دینا ہو گی۔حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ امریکا ایک دہشت گرد ملک ہے امریکا کی غلامی میں ہمیں سرخروہی حاصل نہیں ہو گی امریکا مزاحمت کرنیوالوں کو دہشت گرد کہتا ہے اور جمہوریت بھی اپنی مرضی کی پسند کرتا ہے، اسرائیل حماس سے نہیں لڑ سکتا وہ بچوں کو مار سکتا ہے اسرائیل فلسطین سے باہر نکل کر شام، لبنان اور مدینہ تک کی بات کر رہا ہے قائداعظم نے کہا تھا اسرائیل مغرب کا ناجائز بچہ ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اللہ نے ہمیں توفیق دی کہ مظلوموں کے ساتھ کھڑے ہوئے غزہ کی سردی اسلام آباد سے زیادہ ہے وہاں 2 ملین لوگ کیمپوں میں زندگی گزار چکے ہیں، اسرائیل نسل کشی کر رہا ہے اور 46ہزار لوگوں کو شہید کر چکا ہے‘انہوں نے کہا حماس ہمارے ماتھے کا جھومر ہے، حماس کو دہشت گرد کہنے والا امریکا خود سب سے بڑا دہشت گرد ہے، نیتن یاہو کھل کر کہہ رہا ہے کہ گریٹر اسرائیل چاہتے ہیں، امریکا نے لاکھوں مسلمانوں کا قتل عام کیا، پاکستان کی کمپنیوں پرپابندی لگانا امریکا کی کھلی منافقت ہے۔حافظ نعیم الرحمان نے مطالبہ کیا کہ حکومت حماس کو تسلیم کرے اور حماس کا آفس پاکستان میں قائم کیا جائے، پاکستان فلسطینی بھائیوں کی مدد کرے، ہمارے دل فلسطینی بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں، اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ کی مہم جاری رہے گی۔