امیر جماعت اسلامی کی ملاقات کوشش کی عوام کو ہر ممکن ریلیف دیا جائے:شہبازشریف حکومت کیساتھ معاہدے پر اتفاق ہوگیا، 29 نومبر کو اگلا لائحہ عمل دوں گا: حافظ نعیم الرحمان

مشترکہ تاریخی ورثہ پاکستان اور بنگلہ دیش کو قریب لانے کا اہم ذریعہ ہے‘پاک، چین   تعاون حقیقی معنوں میں ستاروں تک جا پہنچا ہے:وزیراعظم کی بنگلہ دیش کے سپیکر اور چینی سفیر سے ملاقات میں گفتگو
 وفاق اور صوبوں کو مل کر عوام کو سستی اورمعیاری ادویات کی فراہمی یقینی بنانا ہوگی، قیمتی پتھروں کی شناخت اور سرٹیفکیشن کے لئے عالمی معیار کی لیبارٹریز کے قیام کو یقینی بنایا جائے:اجلاسوں میں خطاب
 حکومت نے تسلیم کرلیا  1600 سی سی سے زائد گاڑیاں سرکار استعمال نہیں کرے گی، آئی پی پیز سے متعلق معاہدے میں لکھوایا ہے‘لیوی پر بجٹ تک ورکنگ مکمل کرلی جائے گی‘ اگلا بجٹ لیوی پر انحصار کرکے نہیں بنایا جائیگا:حافظ نعیم
 اسلام آباد (یواین پی‘آئی این پی)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جعلی اور غیرمعیاری ادویات کی روک تھام کیلئے محفوظ دوا ایپ کے اجرا کو اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ محفوظ دوا ایپ منصوبہ عوام کے تحفظ و صحت کے نظام میں اعتماد کی بحالی کیلئے اہم قدم ہے، ملک میں تعلیم اور صحت کی سہولیات ہر شہری کیلئے برابر ہونی چاہئیں، وفاق اور صوبوں کو مل کر عوام کو سستی اورمعیاری ادویات کی فراہمی یقینی بنانا ہوگی۔ وہ جمعرات کو یہاں ادویات کی ٹریکنگ کے لئے وزارت قومی صحت  خدمات کی محفوظ دوا ایپ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔زیراعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ نے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات اور خلائی تحقیق سمیت مختلف شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا‘شہبازشریف نے کہا  چین کے خلائی اسٹیشن کا دورہ کرنے والے پہلے پاکستانی خلا باز کا سفر صرف ایک فرد کی کامیابی نہیں بلکہ 24 کروڑ پاکستانیوں کے خوابوں اور امنگوں کی عکاسی کرتا ہے۔ پاکستان اپنے برادر ملک چین کا شکر گزار ہے جس نے پاکستانی خلا باز کو اس تاریخی خلائی مشن کا حصہ بننے کا موقع فراہم کیا۔وزیرِ اعظم کی زیرِ صدارت اسلام آباد میں منعقدہ جائزہ اجلاس میں پاکستان میں قیمتی پتھروں کی کان کنی، ان کی پراسیسنگ، قدر میں اضافے اور برآمدات کے فروغ کے لیے جاری اقدامات اور آئندہ کے لائحہ عمل کا جائزہ لیا گیا‘ شہباز شریف نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو قیمتی پتھروں کے ذخائر کی دولت سے مالا مال کیا ہے، تاہم کان کنی کے فرسودہ طریقہ کار کے باعث اس بیش قیمت قومی دولت کا ضیاع ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت قیمتی پتھروں کے شعبے کی ترقی کو ترجیح دے رہی ہے اور نجی شعبے کو کان کنی، پراسیسنگ اور ویلیو ایڈیشن کے لیے سازگار ماحول فراہم کیا جائے گا۔وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ قیمتی پتھروں کی شناخت اور سرٹیفکیشن کے لیے عالمی معیار کی لیبارٹریز کے قیام کو یقینی بنایا جائے تاکہ ان کی مستند جانچ اور معیار کی تصدیق ممکن ہو سکے۔ انہوں نے قیمتی پتھروں کی جدید پراسیسنگ کے لیے پاکستانی ماسٹر ٹرینرز کو سری لنکا اور تھائی لینڈ بھیجنے کی بھی ہدایت کی، جبکہ سیکریٹری خارجہ کو ہدایت کی گئی کہ متعلقہ ممالک میں پاکستانی سفیروں کے ذریعے تربیت کے اس عمل میں مکمل تعاون فراہم کیا جائے‘ وزیراعظم محمد شہباز شریف سے بنگلہ دیش کی پارلیمنٹ کے اسپیکر حافظ الدین احمد بیربکر کی ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان ادارہ جاتی تعاون کے فروغ اور پارلیمانی وفود کے باقاعدہ تبادلوں کو دوطرفہ تعلقات مضبوط بنانے کے لیے اہم قرار دیا گیا۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بنگلہ دیشی اسپیکر اور ان کے ہمراہ آنے والے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بنگلہ دیش کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ دونوں ممالک کے مشترکہ تاریخی پس منظر اور ثقافتی ہم آہنگی کا حوالہ دیتے ہوئے وزیراعظم نے ادارہ جاتی تعاون کو مزید فروغ دینے اور عوامی سطح پر روابط مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا  ہے  حکومت کے ساتھ معاہدے پر اتفاق ہوگیا ہے تاہم چند مطالبات پر تاحال قائم ہیں جبکہ 29 نومبر کو مینار پاکستان میں اگلا لائحہ عمل دیا جائے گا۔وزیر اعظم سے ملاقات ہوئی، ہماری کمیٹی نے بہترین کام کیا، جس ریلیف کا پیکیج حکومت نے اعلان کیا اس میں دو کروڑ لوگ شامل ہوچکے ہیں اور لوگوں کو اچھے طریقے سے ریلیف مل رہا ہے۔1000 سی سی تک کی گاڑی کے لیے ریلیف بڑھانے پر اتفاق ہوگیا ہے،کسان اور کاشت کار کے لیے ساڑھے بارہ ایکڑ کے کاشت کار کے لیے ٹریکٹرز کا بھی ریلیف ملے گا۔حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ لیوی کم کرنے پر تفصیلی بات ہوئی، لیوی پر ونڈ فال کا اثر 80روپے سے 63روپے تک آگیا ہے، لیوی پر بجٹ تک ورکنگ مکمل کرلی جائے گی اور اگلا بجٹ لیوی پر انحصار کرکے نہیں بنایا جائے گا۔ حکومت نے تسلیم کرلیا ہے کہ 1600 سی سی سے زائد گاڑیاں سرکار استعمال نہیں کرے گی، آئی پی پیز سے متعلق معاہدے میں لکھوایا ہے، آئی پی پیز معاہدوں کی نظرثانی کی وجہ سے 25 فیصد بلز کم ہوئے اور دو سال میں بجلی کے بلوں میں 30 فیصد کمی ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے معاہدے پر اتفاق تو کیا ہے مگر بہت سی چیزوں کے مطالبے پر بھی قائم ہیں، عمل درآمد کمیٹی اس معاہدے پر نظر رکھے گی، گھر نہیں بیٹھیں گے ایک ریلیف لیں گے تو دوسرے ریلیف کے لیے سڑکوں پر ہوں گے۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکومت اپنے خرچے کم کرے گی، سود کے خاتمے کی طرف قدم بڑھائے جائیں گے، بینکوں کے سود کے خلاف سڑکوں پر نکلیں گے۔ملک میں مہنگائی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ گندم پورے ملک میں مہنگی سے مہنگی ہوتی جا رہی ہے۔حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکومت کے چار مطالبات مان لینے کا مطلب یہ نہیں سب کچھ مان لیا گیا، مینار پاکستان میں اگلے لائحہ عمل کا اعلان کروں گا۔انہوں نے کہا کہ لاہور میں 29 نومبر کو تاریخی جلسہ ہوگا، ہم چاہتے ہیں خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کا خاتمہ ہو۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ میڈیا مالکان بھی میڈیا ورکرز کو ان کے حقوق دیں