غزہ میں عارضی جنگ بندی کا خیرمقدم ،اسلام آباد میں حماس کا دفتر قائم کیا جائے: حافظ نعیم

دنیا پاکستان کی طرف دیکھ رہی ہے کیونکہ یہ ایٹمی طاقت ہے، آرمی چیف، وزیراعظم فلسطین کے معاملے میں آگے بڑھ کر بات کریں
 نیتن یاہو لبنان ، شام سمیت پورے عالم اسلام پر قبضہ کرنا چاہتا ہے ، اسرائیل نے فلسطین کو ملبے کا ڈھیر بنا دیا : اسلام آباد میں غزہ مارچ سے خطاب
اسلام آباد (آئی این پی )امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے غزہ میں عارضی جنگ بندی کا خیرمقدم کرتے  ہوئے کہا ہے کہ   دنیا پاکستان کی طرف دیکھ رہی ہے کیونکہ یہ ایٹمی طاقت ہے، آرمی چیف، وزیراعظم فلسطین کے معاملے میں آگے بڑھ کر بات کریں،حکومت  فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کا دفتر دارالحکومت میں قائم کرے، پاک فوج نے بھارت کو شکست دی تو پوری قوم اس کے ساتھ کھڑی ہو گئی۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے  حافظ نعیم الرحمان نے  اسلام آباد میں منعقدہ   غزہ مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔امیر جماعت اسلامی نے خبردار کیا کہ نیتن یاہو لبنان ، شام سمیت پورے عالم اسلام پر قبضہ کرنا چاہتا ہے ۔ اسرائیل نے فلسطین کو ملبے کا ڈھیر بنا دیا مگر حماس سے ایک قیدی نہیں رہا کروا سکا۔ انہوں نے  کہا کہ اسرائیل نے جو معاہدہ کیا اس پر حماس کے بھی دستخط ہیں، اسرائیل نے 2 سال میں غزہ کو تہس نہس کر کے رکھ دیا، اسرائیل غزہ کے مسلمانوں کا قتل عام کرتا رہا لیکن حماس سے اپنا ایک قیدی بھی نہیں چھڑوا سکا، اب قیدیوں کا تبادلہ ہوگا، اسرائیل سے کوئی اچھی امید نہیں، وہ ہمیشہ خلاف ورزی کرتا ہے یہ ٹرمپ کا امتحان ہے۔امیر جماعت اسلامی پاکستان نے کہا کہ اگر دنیا نے اسرائیل کو لگام نہیں دی تو یہ سلسلہ رکے گا نہیں، کل بھی غزہ میں مظاہرہ ہوا عوام نے کہا حماس کے بغیر نہیں رہ سکتے، عوام کا نعرہ تھا ہم سب حماس ہیں اس کا مطلب وہ حماس کے ساتھ ہیں۔