اسرائیل کی تاریخ ہے یہ انبیا ء کے قاتل ہیں، حکمرانو ہوش کے ناخن لو،زبانی جمع خرچ سے آگے بڑھو، اسرائیل کو واضح پیغام دو’’اینف از اینف‘‘
اتوار کو شاہراہ فیصل کراچی میں بڑا غزہ مارچ ہوگا، پورے پاکستان میں ہڑتال کی کال دیں گے:امیر جماعت اسلامی کا غزہ مارچ کے شرکاء سے خطاب
لاہور(خصوصی رپورٹر) مال روڈ پر جماعت اسلامی کی طرف سے غزہ مارچ کا انعقاد کیا گیا جس میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی‘اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا اسرائیل ہمارے بچوں کو قتل کر رہا ہے، نیتن یاہو سن لو ایک، ایک بچے کے خون کا حساب لیں گے، اسرائیل نہتے فلسطینیوں پر ظلم کر رہا ہے، اسرائیل کو طاقت امریکہ سے ملی ہوئی ہے۔ پاکستان کے حکمران، اپوزیشن والے امریکہ کی مذمت کیوں نہیں کر رہے، سب لائن لگا کر کھڑے ہیں ٹرمپ آشیرباد دے، حکمرانوں اور نام نہاد لیڈرو تم انجمن غلامان امریکہ بنے ہوئے ہو۔ اسرائیل کی تاریخ ہے یہ انبیا کے قاتل ہیں، حکمرانو ہوش کے ناخن لو،زبانی جمع خرچ سے آگے بڑھو، اسرائیل کو واضح پیغام دو، "اینف از اینف"۔اتوار کو شاہراہ فیصل کراچی میں بڑا غزہ مارچ ہوگا، کون تھے وہ غدار صحافی جو اسرائیل گئے تھے، اسرائیل جانے والے صحافیوں کو بے نقاب کیا جائے، کبھی اسرائیل کے حق میں بولنے کا سوچنا بھی ناں، اسرائیل کے حق میں بولنے والوں کو عوام عبرت کا نشان بنا دیں گے۔ ہم کبھی بھی اسرائیل کو تسلیم نہیں کریں گے، ایک ہی ریاست فلسطین کی ریاست ہے، مسجد اقصیٰ ہمارا عقیدہ اور روح ہے، غزہ کے شہریوں کا پانی بند اور اوپر سے بمباری ہو رہی ہے، کہاں ہیں انسانی حقوق کے چیمپئن؟۔ پورے پاکستان میں ہڑتال کی کال دیں گے، تاجر برادری سے مشاورت کریں گے، ہم دنیا کو بتائیں گے کہ ہم دہشت گرد امریکا، اسرائیل کے ساتھ نہیں، ہم فلسطینیوں کے ساتھ ہیں۔ مصر، اردن، سعودی عرب سے کہنا چاہتا ہوں فلسطینیوں کے ساتھ کھڑے ہوجائیں، پوری دنیا میں ہر پیدا ہونے والا مسلمان بچہ حماس بنے گا، حماس ظلم کے خلاف جدوجہد کا استعارہ ہے، حماس کو تسلیم کیا جائے اور اس کا پاکستان میں دفتر کھولا جائے۔