سوہا علی کا انکشاف: کرائے کے مکان میں رہنے کی اصل وجہ بتا دی

سوہا علی کا انکشاف: کرائے کے مکان میں رہنے کی اصل وجہ بتا دی

بالی ووڈ اداکارہ اور نواب منصور علی خان پٹودی و لیجنڈری اداکارہ شرمیلا ٹیگور کی صاحبزادی اور سیف علی خان کی ہمشیرہ سوہا علی خان نے اپنے ابتدائی دنوں کے دلچسپ اور کٹھن تجربات سے پردہ اٹھایا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سوہا نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ اگرچہ وہ ایک متمول اور شاہی خاندان سے تعلق رکھتی ہیں، لیکن ممبئی میں انہوں نے اپنی عملی زندگی کا آغاز ایک کرائے کے فلیٹ میں رہائش اختیار کر کے کیا۔ اس دوران وہ اپنی آمدنی اور اخراجات خود پورے کرنے کی کوشش کرتی رہیں۔سوہا کے مطابق لندن اسکول آف اکنامکس سے ماسٹرز مکمل کرنے کے بعد انہوں نے ایک بین الاقوامی بینک میں نوکری حاصل کی، جہاں ان کی سالانہ تنخواہ محض 2 لاکھ 20 ہزار روپے تھی، جبکہ وہ ہر ماہ 17 ہزار روپے کرایہ ادا کرتی تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آمدنی کا بڑا حصہ کرائے میں خرچ ہوجاتا تھا، مگر وہ جان بوجھ کر مالی طور پر خودمختار رہنا چاہتی تھیں تاکہ اپنی زندگی کے اہم فیصلے اپنے بل بوتے پر کر سکیں۔اداکارہ نے مزید بتایا کہ فلم انڈسٹری میں قدم رکھنا ان کے لیے آسان فیصلہ نہیں تھا کیونکہ انہیں خدشہ تھا کہ ان کے والدین شرمیلا ٹیگور اور منصور علی خان پٹودی ان کے اس فیصلے سے ناخوش ہوں گے۔ تاہم، خود انحصاری اور محنت نے انہیں اعتماد دیا اور وہ آگے بڑھتی گئیں۔

انٹرویو میں انہوں نے انکشاف کیا کہ ان کے کیریئر کا پہلا بڑا بریک اس وقت آیا جب انہیں ایک ماڈلنگ پروجیکٹ ملا جس کے عوض انہیں 5 لاکھ روپے کی خطیر رقم ملی۔ اس کے بعد فلم دل مانگے مور میں شاہد کپور کے ہمراہ انہیں 10 لاکھ روپے معاوضے پر کاسٹ کیا گیا، جس نے بالی ووڈ میں ان کے سفر کی راہ ہموار کی۔سوہا علی خان نے کہا کہ وہ آج بھی فلمی دنیا میں اپنی جگہ بنانے کے لیے محنت کر رہی ہیں اور اپنی انفرادیت اور فنکارانہ صلاحیتوں سے ناظرین کو متاثر کرنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔