ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کا راوی پل کا دورہ

لاہور(کرائم رپورٹر) ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران رات گئے لاہور میں سیلاب کے ممکنہ خطرات کے پیش نظر راوی پْل پہنچ گئے۔ فیصل کامران نے سیلاب سے نمٹنے کیلئے امدادی کارروائیوں، حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیا۔ ایس پی سٹی و دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ فیصل کامران نے ڈیوٹی پر موجود جوانوں کے جذبے کو سراہا اور انہیں شاباش دی۔ ڈی آئی جی آپریشنز کا اس موقع پر کہنا تھا کہ دریائے راوی سے متعلقہ تھانے ہائی الرٹ ہیں۔ تمام حساس مقامات پر پولیس جوان فرنٹ لائن پر ڈیوٹی دے رہے ہیں۔ پولیس کے ماہر غوطہ خور و تیراک ریڈ الرٹ علاقوں میں تعینات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دریا کنارے آباد شہریوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا جارہا ہے۔ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے لاہور پولیس تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے۔ فیصل کامران نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ راوی پل پر آنے سے گریز کریں تاکہ وہ امدادی سرگرمیوں میں خلل کا سبب نہ بنیں۔