ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کی زیر صدارت کھلی کچہری

لاہور(کرائم رپورٹر)ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کی زیر صدارت کھلی کچہری کا انعقاد ہوا، جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اپنے مسائل پیش کیے۔ کھلی کچہری کے دوران ویڈیو لنک کے ذریعے متعلقہ افسران کو طلب کیا گیا اور ہر درخواست گزار کو مکمل توجہ سے سنا گیا۔ ڈی آئی جی نے موقع پر براہ راست افسران کو احکامات جاری کیے اور شکایات پر فوری باز پرس کی۔لین دین، دھوکہ دہی، جھگڑوں اور جائیداد کے تنازعات سے متعلق متعدد شکایات پر ڈی آئی جی آپریشنز نے موقع پر احکامات صادر کیے۔ ایک بزرگ خاتون کی جانب سے تھانے دار کے خلاف شکایت پر ڈی آئی جی نے برکی سرکل کے ایس ڈی پی او اور متعلقہ اے ایس آئی کو دفتر طلب کر لیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر الزامات ثابت ہوئے تو تھانے دار کو نوکری سے فارغ کرنے سمیت سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔کھلی کچہری میں فراڈ کی متعدد شکایات پر ایس ایچ اوز رنگ محل، اسلامپورہ، ساندہ اور گرین ٹا ئون کو تحقیقات کے بعد کارروائی کی ہدایت کی گئی۔ وراثتی جھگڑوں پر ایس ڈی پی اوز کو براہ راست انکوائری کا حکم دیا گیا جبکہ تشدد اور دھمکیوں کی شکایات پر ایس پی سٹی، ایس پی سول لائنز اور ایس ایچ او راوی روڈ کو فوری کارروائی کی ہدایت کی گئی۔ڈی آئی جی فیصل کامران نے واضح الفاظ میں کہا کہ خواتین پر تشدد کسی صورت قبول نہیں اور مظلوم کی مدد کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تاخیری یا غلط مقدمہ اندراج پر سخت قانونی کارروائی کی جائے گی اور حکومت پنجاب کی ہدایت کے مطابق سفارش کلچر کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔شہریوں نے فوری کارروائی اور شکایات پر سنجیدہ اقدامات پر ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کا شکریہ ادا کیا اور ان کے عوام دوست اقدامات کو سراہا۔