لاہور(کرائم رپورٹر)ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کا روزانہ کی بنیاد پر اپنے دفتر میں کھلی کچہری کا سلسلہ جاری ہے۔ کھلی کچہری میں فراڈ، دھمکیوں، لڑائی جھگڑوں، وراثتی جائیداد اور چیک تنازعات سمیت مختلف درخواستیں موصول ہوئیں۔ ڈی آئی جی آپریشنزنے لین دین اور رقوم میں خرد برد سے متعلق متعدد شکایات پر ایس ایچ او گارڈن ٹاؤن، نواں کوٹ اور رائیونڈ سٹی کو شواہد کی روشنی میں قانونی کارروائی کے احکامات دیئے۔ اسی طرح والد کی وفات کے بعد کاروبار پر قبضے کی شکایت پر ایس ایچ او شفیق آباد کودرخواست گزار کو قانونی معاونت فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی۔ تشدد اور غیر قانونی حبس میں رکھنے کی شکایت پر ایس ایچ او ڈیفنس بی کو فوری کارروائی کی ہدایت کی گئی۔ فیصل کامران نے ہراسگی سے متعلق شکایات پر ایس ایچ او گوالمنڈی، شیراکوٹ اور چوہنگ کو فوری کارروائی کے احکامات جاری کئے۔ اسی طرح ایک لاکھ روپے کے چیک ڈس آنر چیک کی شکایت پرایس ایچ او نواں کوٹ کو قانون کے مطابق کارروائی کی ہدایت کی گئی۔ ڈی آئی جی آپریشنزکااس موقع پر کہنا تھا کہ شہریوں کو فوری انصاف اور مؤثر ریلیف کی فراہمی لاہور پولیس کی اولین ترجیح ہے۔روزانہ دوپہر 1 سے 3 بجے تک اپنے دفتر میں شہریوں کے مسائل سنتا ہوں۔تمام ایس ایچ اوز روزانہ سہ پہر 3 سے 5 بجے تک تھانوں میں سائلین کی شکایات سننے کے پابند ہیں