موبائلز سکواڈ نے خاتون سے زبردستی نکاح ناکام بنا دیا

 ناکہ انچارج کی حاضر دماغی، 3 ملزم گرفتار، مغویہ بازیاب 
لاہور(کرائم رپورٹر) موبائلز سکواڈ کی قانون شکن عناصر کے خلاف سائنٹیفک بنیادوں پر کارروائیاں جاری ہیں۔ ناکہ نیو راوی نے خاتون سے زبردستی نکاح کروانے والے 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ترجمان موبائلز کے مطابق شورکوٹ سے اغوا کی جانے والی خاتون بازیاب کروا کر 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ ملزمان گاڑی میں خاتون کو زبردستی اپنے ہمراہ لے جا رہے تھے۔ خاتون کے شور مچانے پر ناکہ انچارج نے گاڑی ڈرائیور کو رکنے کا اشارہ کیا۔ ملزمان نے گاڑی بھگا دی، مؤثر حکمت عملی کے تحت راؤنڈ اپ کرلیا گیا۔ خاتون خدیجہ کے مطابق تینوں ملزمان نے زبردستی مجھ سے نکاح پر دستخط کروائے۔ میرا نکاح زبردستی ہیبت خان سے کروایا گیا۔ ڈی ایس پی مبشر اعوان کے مطابق خاتون نے ناکہ انچارج کو اغوا اور جعلی نکاح کی روداد بیان کی۔ ملزمان نے آپسی رنجش کا بدلہ لینے کیلئے خاتون کو شورکوٹ سے اغوا کیا۔ ناکہ انچارج و جوانوں کی حاضر دماغی نے خاتون کو اغوا ہونے سے بچا لیا۔ گرفتار ملزمان ہیبت، سرفراز، سدا بہار اور مغویہ خدیجہ کو قانونی کارروائی کیلئے تھانہ شاہدرہ ٹاؤن کے حوالے کردیا گیا۔ ایس پی موبائلز ارسلان زاہد کی طرف سے ناکہ انچارج و ٹیم کو شاباش و تعریفی اسناد کا اعلان کیا گیا۔ ایس پی موبائلز ارسلان زاہد کا کہنا ہے کہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر کڑی نگرانی کا عمل جاری رہے گا۔