انسدادِ دہشت گردی عدالت لاہور نے 9 مئی جناح ہاؤس حملہ کیس میں گرفتار علیمہ خان کے بیٹے شاہ ریز خان کا مزید جسمانی ریمانڈ دینے کی پولیس کی درخواست مسترد کرتے ہوئے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔
کیس کی سماعت انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل نے کی۔ سماعت کے دوران پولیس نے بتایا کہ شاہ ریز خان کا 8 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہو چکا ہے اور مزید تفتیش کے لیے ریمانڈ درکار ہے۔ تاہم عدالت نے پولیس کی یہ استدعا منظور کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ مزید جسمانی ریمانڈ کی ضرورت نہیں ہے۔عدالت نے حکم دیا کہ ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل کیا جائے۔ شاہ ریز خان کو آئندہ سماعت پر عدالت میں دوبارہ پیش کیا جائے گا۔یاد رہے کہ شاہ ریز خان کو 21 اگست 2025 کو ثبوتوں کی بنیاد پر باضابطہ گرفتار کیا گیا تھا اور اگلے روز یعنی 22 اگست 2025 کو عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔ ان کے خلاف تھانہ سرور روڑ پولیس نے 9 مئی جناح ہاؤس حملہ کیس کے تحت مقدمہ درج کر رکھا ہے۔