سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کا ریسکیو اور ریلیف آپریشن دن رات جاری ہے۔
فوجی جوان ہیلی کاپٹرز اور کشتیوں کے ذریعے متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے ساتھ ساتھ طبی امداد اور ضروری سہولیات بھی فراہم کر رہے ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق جھنگ، فیصل آباد، چنیوٹ، قصور، اوکاڑہ، ٹوبہ ٹیک سنگھ سمیت مختلف شہروں میں پاک فوج کے دستے سول انتظامیہ کے شانہ بشانہ ریلیف آپریشن میں مصروف ہیں۔ فیصل آباد کے متاثرہ دیہات میں پھنسے 14,050 افراد کو ریسکیو کر لیا گیا جن میں بزرگ شہری، خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ دریائے ستلج اور ہیڈ سلیمانکی کے قریبی علاقوں میں بھی گھروں میں پھنسے افراد کو نکال کر محفوظ مقامات پر پہنچایا گیا۔قصور میں شدید سیلابی صورتحال کے باعث پاک فوج کے جوان رات بھر کشتیوں کے ذریعے متاثرین کو ریسکیو کرتے رہے۔ اس دوران نہ صرف لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا بلکہ انہیں فوری طبی امداد اور مفت ادویات بھی فراہم کی گئیں۔
تاندلیانوالہ تحصیل میں پاک فوج نے سیلاب متاثرین کے لیے 5 ریلیف کیمپس، 18 میڈیکل کیمپس اور 6 ریسکیو کیمپس قائم کیے ہیں۔ اسی طرح ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی پاک فوج نے ریسکیو 1122 کے ساتھ مل کر ریلیف کیمپس قائم کیے ہیں، جہاں متاثرین کو ضروری سہولیات اور علاج فراہم کیا جا رہا ہے۔پاک فوج نے متاثرہ آبادیوں کو مزید نقصان سے بچانے کے لیے جھنگ اور فیصل آباد میں تین مقامات پر بند میں شگاف ڈالے، جس کے نتیجے میں ایک تا ڈیڑھ لاکھ کیوسک پانی کا دباؤ نیچے کی سمت منتقل ہو گیا۔ اب تک ہزاروں افراد کو ان کے مال مویشیوں سمیت محفوظ مقامات پر پہنچایا جا چکا ہے۔متاثرین نے پاک فوج کے بروقت اقدامات اور خدمت کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں پاک فوج نے ان کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔