اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ اس وقت ملک کے تین دریاؤں میں سیلابی صورتحال ہے۔
فیلڈ مارشل کی ہدایت پر پاک فوج کے جوان اور افسران تمام متاثرہ علاقوں میں ریسکیو سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک بھی موجود تھے۔
اہم نکات:
دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا، دریائے چناب میں مرالہ اور مرالہ سے ہیڈ خانکی تک پانی کا بہاؤ بڑھ گیا ہے۔ خانکی کے مقام پر بہاؤ 10 لاکھ کیوسک سے تجاوز کر چکا ہے اور قادرآباد کی طرف بھی پانی کا بہاؤ بڑھنے کا امکان ہے۔این ڈی ایم اے نے مقامی حکام اور ضلعی انتظامیہ کو لوگوں کے انخلاء کے حوالے سے مطلع کر دیا ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب کی صورتحال پر اجلاس کی صدارت کی اور ریلیف اور پیشگی اطلاع کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی۔این ڈی ایم اے کی طرف سے متاثرین کو خیمے اور دیگر ضروری اشیاء فراہم کی جا رہی ہیں۔دریائے راوی کے جسڑ اور شاہدرہ علاقوں کی صورتحال بہتر ہے، اور تمام حفاظتی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔پیشگی اطلاع کے نظام کی بدولت لوگوں کا انخلاء ممکن ہوا، اور دریاؤں کی صورتحال مسلسل مانیٹر کی جا رہی ہے۔اگلے چند دنوں میں نقصانات کا جائزہ لیا جائے گا اور متاثرہ افراد کی بحالی کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔