کوئٹہ میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے 3 پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔
رپورٹ کے مطابق، کوئٹہ کے مستونگ روڈ پر نیو سریاب تھانے کی حدود میں پولیس کی گشتی گاڑی پر دہشت گردوں نے حملہ کیا۔ حملہ آوروں نے پولیس کی موبائل وین کو نشانہ بنایا اور اندھا دھند فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں تین پولیس اہلکار شہید ہوگئے جبکہ ایک اہلکار زخمی ہوا۔شہید ہونے والے اہلکاروں کی شناخت سب انسپکٹر عبدالولی، کانسٹیبل عبدالرحمان اور کانسٹیبل مختیار کے طور پر کی گئی ہے۔
پولیس موبائل کا ڈرائیور خیر بخش زخمی ہوگیا جسے فوری طور پر علاج کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔دہشت گرد حملے کے بعد وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے حملے کی مذمت کی اور اپنے گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے اس واقعے کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور حملہ آوروں کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے گا۔