لاہور میں مون سون بارشوں کے نواں اسپیل کے آغاز کے بعد ضلعی انتظامیہ ہائی الرٹ پر ہے۔
ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا خود فیلڈ میں موجود ہیں اور بارش کے بعد نکاسی آب کے انتظامات کی نگرانی کر رہے ہیں۔ترجمان ضلعی انتظامیہ کے مطابق ڈپٹی کمشنر نے قرطبہ چوک کا دورہ کیا اور نکاسی آب کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور واسا حکام کو فیلڈ میں متحرک رہنے اور فوری اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا نے کہا کہ واسا اپنے تمام ڈسپوزل اسٹیشنز کو پوری استعداد کے مطابق چلائے تاکہ کسی بھی علاقے میں پانی کھڑا نہ ہو۔ انہوں نے واضح کیا کہ نکاسی آب کے نظام کو ہر صورت فعال رکھا جائے اور شہریوں کو مشکلات سے بچانے کے لیے مؤثر انتظامات یقینی بنائے جائیں۔انہوں نے مزید ہدایت دی کہ اسسٹنٹ کمشنرز اور متعلقہ محکمے بارش کے بعد فیلڈ میں اپنی سرگرمیوں کی کڑی نگرانی کریں اور متاثرہ علاقوں کی فوری کلیئرنس کو یقینی بنائیں۔ ڈپٹی کمشنر نے افسران اور عملے کو حکم دیا کہ نکاسی آب مکمل ہونے تک فیلڈ میں موجود رہیں تاکہ کسی بھی شکایت یا مسئلے کا فوری ازالہ ہو سکے۔