پنجاب میں مون سون بارشوں کا نیا اسپیل 13 اگست سے شروع، دریاؤں میں پانی بڑھنے کا خدشہ

پنجاب میں مون سون بارشوں کا نیا اسپیل 13 اگست سے شروع، دریاؤں میں پانی بڑھنے کا خدشہ

پی ڈی ایم اے پنجاب نے 13 اگست سے مون سون بارشوں کے ساتویں اسپیل کی پیشگوئی کرتے ہوئے دریائے ستلج، راوی، چناب اور جہلم سمیت ملحقہ ندی نالوں میں ممکنہ سیلاب سے متعلق ایڈوائزری جاری کر دی۔

 ترجمان کے مطابق بارشوں کے باعث پنجاب کے بڑے دریاؤں میں پانی کی سطح بلند ہونے کا امکان ہے۔صوبے کے تمام کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، جبکہ لوکل گورنمنٹ، محکمہ زراعت، آبپاشی، صحت، جنگلات، لائیو اسٹاک اور ٹرانسپورٹ کے محکموں کو بھی ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر تمام محکموں کو پیشگی انتظامات مکمل کرنے، ایمرجنسی کنٹرول رومز میں عملہ 24 گھنٹے مستعد رکھنے اور ریسکیو 1122 کی ڈیزاسٹر رسپانس ٹیموں کو ہائی الرٹ رکھنے کی ہدایت دی ہے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ دریاؤں، نہروں، ندی نالوں اور تالابوں میں نہانے سے گریز کریں اور ہنگامی انخلاء کی صورت میں انتظامیہ سے تعاون کریں۔ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں شہری پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔