ویب ڈیسک: صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے مون سون کے آٹھویں اسپیل کے حوالے سے الرٹ جاری کردیا ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق 22 اگست کی رات سے مغربی ہوائیں صوبے کے بالائی علاقوں میں داخل ہوں گی، جس کے نتیجے میں 23 اگست سے بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہوگا جو 27 اگست تک جاری رہنے کا امکان ہے۔پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ اس دوران دریاؤں کے بالائی حصوں میں شدید طوفانی بارشوں کا امکان ہے جس کے باعث پانی کے بہاؤ میں نمایاں اضافہ ہوسکتا ہے۔ ترجمان نے خبردار کیا کہ دریائے جہلم، چناب، راوی اور ستلج کے ساتھ ساتھ ان سے ملحقہ ندی نالوں میں پانی کی سطح بلند ہوسکتی ہے۔ دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر اس وقت پانی کا بہاؤ ایک لاکھ کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے، جو مزید بڑھنے کا امکان رکھتا ہے۔
مزید بتایا گیا کہ اس سسٹم کے تحت راولپنڈی، مری گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، گجرات، گوجرانوالہ اور وزیر آباد میں بارشیں متوقع ہیں۔ اسی طرح لاہور، قصور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، جھنگ، ننکانہ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔پی ڈی ایم اے نے شہریوں اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ الرٹ رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہیں تاکہ قیمتی جانوں اور املاک کو محفوظ بنایا جا سکے۔