پنجاب میں مون سون بارشوں کا ساتواں اسپیل آج سے، پی ڈی ایم اے کا ہائی الرٹ جاری

پنجاب میں مون سون بارشوں کا ساتواں اسپیل آج سے، پی ڈی ایم اے کا ہائی الرٹ جاری

لاہور: پنجاب میں مون سون بارشوں کا ساتواں اسپیل آج 13 اگست سے شروع ہو رہا ہے جس کے حوالے سے پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے شہریوں اور ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ کر دیا ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق یہ اسپیل 17 اگست تک بالائی پنجاب میں جبکہ 18 سے 21 اگست تک میدانی اضلاع میں جاری رہنے کا امکان ہے۔ اس اسپیل کو رواں مون سون سیزن کا زیادہ مضبوط اسپیل قرار دیا جا رہا ہے۔

متاثر ہونے والے ممکنہ بالائی علاقے: مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گجرانوالہ، حافظ آباد۔
میدانی اضلاع: لاہور، سیالکوٹ، نارووال، شیخوپورہ، ساہیوال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، خوشاب، سرگودھا، میانوالی، ننکانہ صاحب، چنیوٹ، فیصل آباد، اوکاڑہ۔
دیگر اضلاع: ڈیرہ غازی خان، بھکر، بہاولپور، خانیوال، وہاڑی، لودھراں، راجن پور۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق لاہور، راولپنڈی، گجرانوالہ اور سیالکوٹ میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے، جبکہ شدید بارشوں کے باعث ندی نالوں میں فلیش فلڈنگ اور مری، گلیات میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ موجود ہے۔ کچے اور کمزور مکانات کو نقصان پہنچنے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔عوام کو ہدایت دی گئی ہے کہ:غیر ضروری سفر اور خصوصاً سیاحتی مقامات کی طرف جانے سے گریز کریں۔بارش یا سیلاب کی صورت میں بہتے پانی سے گاڑی گزارنے سے پرہیز کریں۔کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں ریسکیو 1122 یا پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 پر فوری رابطہ کریں۔ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے تمام کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ ایمرجنسی کنٹرول رومز میں مکمل حاضری یقینی بنائی جائے اور ریسکیو 1122 کی ڈیزاسٹر رسپانس ٹیموں کو مکمل طور پر الرٹ رکھا جائے۔