مون سون سیزن کے دوسرے اسپیل کے پیش نظر لاہور ٹریفک پولیس کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور کی ہدایت پر شہر بھر میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور شہریوں کی فوری مدد کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔
سی ٹی او نے تمام ٹریفک وارڈنز کو ریفلیکٹو جیکٹس، رین کوٹ، رین شوز، چھتری اور دیگر حفاظتی سامان فراہم رکھنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ سرکل افسران کو بارش کے دوران مختلف علاقوں کے مسلسل دورے کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔انڈر پاسز اور نشیبی علاقوں میں اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے، جبکہ نکاسی آب کے مسائل سے نمٹنے کے لیے واسا کے ساتھ رابطہ برقرار رکھنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔ سی ٹی او لاہور نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ بارش کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور بجلی کی تنصیبات و کھلے برقی تاروں سے محفوظ فاصلہ رکھیں۔