مون سون کے چوتھے اسپیل سے قبل واسا پنجاب اور تمام اضلاع ہائی الرٹ

مون سون کے چوتھے اسپیل سے قبل واسا پنجاب اور تمام اضلاع ہائی الرٹ

مون سون کے چوتھے اسپیل کے پیش نظر واسا پنجاب سمیت صوبے کے تمام اضلاع کو خصوصی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

 بارشوں کے دوران ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہنگامی انتظامات کو مزید مؤثر بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔وزیر ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ بلال یاسین کی زیر صدارت ویڈیو لنک اجلاس میں بارشوں سے نمٹنے کے لیے کیے گئے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ڈی جی واسا پنجاب طیب فرید سمیت مختلف اضلاع کے منیجنگ ڈائریکٹرز نے تیاریوں، نکاسی آب کے منصوبوں اور فیلڈ آپریشنز پر بریفنگ دی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بارشوں کے دوران صرف فیلڈ عملہ ہی نہیں بلکہ دفتری افسران بھی نکاسی آب اور دیگر سرگرمیوں کی براہ راست نگرانی کریں گے۔ واسا کے تمام فیلڈ ملازمین کے لیے یونیفارم پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے، جبکہ جیو لوکیشن سسٹم کے ذریعے ان کی موجودگی اور کارکردگی کی مسلسل مانیٹرنگ کی جائے گی۔وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین نے ہدایت کی کہ نالوں کی صفائی (ڈی سلٹنگ) کا عمل کسی بھی صورت متاثر نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے ڈی جی واسا کو اضافی عملہ اور مشینری کی فوری فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متصل اضلاع کی مشینری اور واسا لاہور دیگر اضلاع کو ہر ممکن معاونت فراہم کریں گے۔

انہوں نے تمام ایم ڈیز کو ہدایت کی کہ ان کا خصوصی اسٹاف نشیبی علاقوں سے نکاسی آب، مین ہولز کی صورتحال اور فیلڈ آپریشنز سے متعلق باقاعدہ رپورٹس پیش کرے۔ اس کے علاوہ تمام ڈسپوزل اسٹیشنز، ڈی واٹرنگ مشینری، جنریٹرز اور خصوصی شکایات سیلز کو مکمل طور پر فعال رکھنے کی بھی ہدایت جاری کی گئی۔بلال یاسین نے واضح کیا کہ بارش کے دوران نکاسی آب میں کسی قسم کی غفلت یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے زور دیا کہ ایمرجنسی کی صورت میں تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطے اور مشترکہ کارروائی کے ذریعے فوری اقدامات کریں تاکہ شہریوں کو بروقت اور مؤثر ریلیف فراہم کیا جا سکے۔