خیبر پختونخوا پولیس نے خواتین کو ہراسانی کے واقعات سے بچانے اور فوری پولیس رسپانس فراہم کرنے کے لیے "پنک بٹن" منصوبہ شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
سینٹرل پولیس آفس (سی پی او) کے مطابق، اس منصوبے کا پہلا مرحلہ صوبائی دارالحکومت پشاور سے شروع کیا جا رہا ہے جہاں مختلف مقامات پر 68 "پنک بٹن" نصب کیے جائیں گے۔ یہ بٹن ایسے مقامات پر لگائے جائیں گے جہاں خواتین کی نقل و حرکت زیادہ ہوتی ہے، تاکہ کسی بھی ناخوشگوار یا ہراسانی کے واقعے میں وہ فوری طور پر پولیس کو اطلاع دے سکیں۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ "پنک بٹن" براہِ راست پولیس کنٹرول روم سے منسلک ہوگا، اور جیسے ہی کوئی شخص اسے دبائے گا، تو شکایت کنندہ کی ویڈیو اور آواز کنٹرول روم تک پہنچ جائے گی۔
اس نظام کے تحت پولیس فوری طور پر متعلقہ مقام پر پہنچ کر کارروائی کرے گی۔سی پی او کے مطابق، یہ سہولت صرف خواتین ہی نہیں بلکہ عام شہری بھی استعمال کر سکیں گے۔ منصوبے کا مقصد نہ صرف ہراسانی بلکہ اسٹریٹ کرائم جیسے واقعات پر بروقت رسپانس کو یقینی بنانا ہے۔پولیس کے مطابق، اگر یہ اقدام کامیاب رہا تو جلد ہی اس منصوبے کو خیبر پختونخوا کے دیگر شہروں تک بھی وسعت دی جائے گی۔